کیمبرج یونیورسٹی میں صرف 14 سیاہ فام طالب علم

اپ ڈیٹ 05 مئ 2017
تصویر بشکریہ افریقن کیریبین سوسائٹی
تصویر بشکریہ افریقن کیریبین سوسائٹی

لندن: ویسے تو دنیا بھر میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں رنگ و نسل، تہذیب و مذہب، زبان اور جنس کا فرق نظر آتا ہے، تاہم کبھی کبھار یہ فرق اتنا زیادہ ہوتا ہے کہ انسان سوچنے پر مجبور ہوجاتا ہے۔

ایسا ہی فرق دنیا کی بہترین ترین یونیورسٹیز میں شمار ہونے والی برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی میں بھی سامنے آیا، جہاں سال 2016-2015 کے درمیان صرف 15 سیاہ فام افریقی طلبہ کو داخلہ دئیے جانے کا معاملہ سامنے آیا۔

کیمبرج یونیورسٹٰی کے سیاہ فام 14 طالب علموں کے گروپ نے فیس بک پر تصاویر شیئر کیں، جو دنیا بھر میں وائرل ہونے سمیت کیمبرج یونیورسٹی کے لیے اہم ترین سوال بھی بن گئیں۔

کیمبرج یونیورسٹی کی افریقن کیریبین سوسائٹی کے پیچ پر جاری کی گئی تصاویر میں صرف 14 سیاہ فام لڑکے ہیں، جب کہ تصویر میں ایک بھی سیاہ فام لڑکی نہیں ہے۔

تصویر بشکریہ افریقن کیریبین سوسائٹی
تصویر بشکریہ افریقن کیریبین سوسائٹی

تصاویر کو شیئر کرتے وقت لکھا گیا کہ کیمبرج یونیورسٹی نے سال 2015 میں صرف 15 سیاہ فام لڑکوں داخلہ دیا۔

پوسٹ میں یونیورسٹی پر کوئی تنقید کیے بغیر کہا گیا ہے کہ سیاہ فاموں کی نمائندگی نہ ہونے سے ان کی کم تعداد میں نمائندگی بہتر ہے۔

پوسٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ یہ تصویر یلے یونیورسٹی کے 10 سیاہ فام لڑکوں کی تصویر سے متاثر ہوکر شیئر کی گئی، یلے یونیورسٹی میں بھی صرف 10 سیاہ فام لڑکے تھے، جنہوں نے سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کی، جو وائرل ہوگئی تھی۔

تصاویر شیئر کرنے والے سیاہ فام طالب علم یونیورسٹی کے مختلف کالجز اور ڈیپارٹمنٹ میں پڑھتے ہیں، جب کہ ان کی وابستگی بھی افریقا کے الگ الگ ممالک سے ہے۔

سیاہ فام لڑکوں نے اپنی پوسٹ میں کیمبرج یونیورسٹی کی داخلہ فہرست بھی شیئر کی، جس میں داخلہ کے لیے درخواست دینے والے طلبہ سمیت داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد بتائی گئی ہے۔

فہرست کے مطابق سال 2016-2015 میں کیمبرج یونیوسٹی نے ٹوٹل 3 ہزار449 طلبہ کو داخلہ دیا، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

یونیورسٹی کی فہرست کے مطابق یونیورسٹی میں داخلہ کے لیے درخواست دینے والے طلبہ میں سے صرف 38 طلبہ نے خود کو سیاہ کے طور پر پیش کیا، جن میں سے 15 کو داخلہ دیا گیا۔

یونیورسٹی کے مطابق 38 طلبہ کی فہرست میں وہ طلبہ شامل نہیں، جنہوں نے خود کو سانولا یا مکس رنگ کے طور پر پیش کیا۔

خیال رہے کہ کیمبرج یونیورسٹی دنیا کی ان 27 یونیورسٹیوں میں سے ایک ہے، جو ریس ایکوئلٹی چارٹر(آر ای سی) کی ممبر ہیں۔

آر ای سی ایک ایسا منصوبہ ہے، جس میں یونیورسٹیز کو اپنے ملازمین اور طلبہ کی رنگ، نسل، مذہب اور ثقافت کے بنیاد پر نمائندگی ظاہر کرنی پڑتی ہے۔

تصویر بشکریہ افریقن کیریبین سوسائٹی
تصویر بشکریہ افریقن کیریبین سوسائٹی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں