صبا قمر بنیں گی ’قندیل بلوچ‘

اپ ڈیٹ 13 مئ 2017
صبا قمر نے قندیل بلوچ کا کردار ادا کرنے کے لیے بھرپور جدبے کا اظہار کیا — فوٹو/انسٹاگرام
صبا قمر نے قندیل بلوچ کا کردار ادا کرنے کے لیے بھرپور جدبے کا اظہار کیا — فوٹو/انسٹاگرام

پاکستانی اداکارہ صبا قمر بہت جلد اپنی اگلی فلم میں غیرت کے نام پر قتل کی گئی ماڈل قندیل بلوچ کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے صبا قمر کا کہنا تھا، ’پاکستان میں ایسی بہت سی کہانیاں ہیں جن کا لوگوں کے سامنے آنا بے حد ضروری ہے اور میں ان کہانیوں کے سامنے لانے میں مدد دینا چاہتی ہوں‘۔

مزید پڑھیں: ماڈل قندیل بلوچ 'غیرت کے نام' پر قتل

کئی ہفتوں سے یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ صبا قمر، قندیل بلوچ کا کردار ادا کریں گی اور ان کے انسٹاگرام پر موجود تصاویر بھی کچھ اسی جانب اشارہ کررہی تھیں اور اب آخرکار اداکارہ نے خود ہی اس خبر کی تصدیق کردی۔

صبا قمر کا کہنا تھا ’قندیل بلوچ کی سوانح حیات میں، میں ان کا کردار ادا کروں گی، میں نے اپنے بال بھی قندیل جیسے کرلیے ہیں، میں اس کردار کے لیے بےحد پرجوش ہوں‘۔

یہ فلم پیراگان پروڈکشن کے بینر تلے بنائی جائے گی جس کی پروڈکشن چینل 'اردو ون' کی جنرل مینیجر نینا کاشف کررہی ہیں۔

خیال رہے کہ اسی چینل نے گزشتہ سال ٹیلی فلم ’ایک تھی مریم‘ بھی پروڈیوس کی تھی۔

On the sets of 🤐 #sabaqamar #Khi #characterrole #biopic #megaproject

A post shared by Saba Qamar (@sabaqamarzaman) on

قندیل بلوچ کی زندگی پر بننے والی فلم کا نام ’باغی‘ ہوگا، نینا کاشف کے مطابق اس فلم میں غیرت کے نام پر قتل کیے جانے کے موضوع کو پیش کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: قندیل بلوچ تھیں کون؟

نینا کاشف کا ڈان سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قندیل بلوچ کی کہانی نہایت حساس موضوع ہے، نہ ہم ان کی ستائش کریں گے اور نہ ہی قابل رحم دکھائیں گے، وہ غیرت کے نام پر قتل ہوئیں اور اسی زاویئے کو فلم میں ہائی لائٹ کیا جائے گا، اس فلم کی کہانی شازیہ خان نے تحریر کی، اسکرین پلے عمیرہ احمد جبکہ ہدایت کاری فاروق رند کریں گے۔

فلم کی کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، علی کاظمی اور عثمان خالد بٹ موجود ہیں، جبکہ صبا قمر مرکزی کردار ادا کریں گی۔

صبا قمر کا قندیل بلوچ کے کردار کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’کسی بھی اداکار کی کوئی حدود نہیں ہوتی، قندیل ایک فائٹر تھی جو غیرت کے نام پر قتل ہوگئی، وہ ایک ایسی عورت تھی جس نے اپنے لیے کام ڈھونڈنے کی کوشش کی، لیکن وہ جہاں بھی گئی لوگوں نے اس کا غلط فائدہ اٹھایا، وہ اپنے خاندان کی مدد کرنے کے لیے پیسے کمانا چاہتی تھی‘۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں قندیل بلوچ کو ان کے بھائی وسیم نے ملتان میں ان کے گھر میں غیرت کے نام پر قتل کردیا تھا۔

قندیل بلوچ کا اصل نام فوزیہ عظیم تھا جنہیں پاکستان میں 2014 میں اُس وقت شہرت ملی جب ان کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی، جس میں وہ سوال کرتی ہوئی نظر آئیں،'میں کیسی لگ رہی ہوں؟'

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Raja Bilal May 06, 2017 03:01pm
Bass yehi dekhna baki reh gaya tha!