یونس خان ریٹائرمنٹ کے بعد نئے کرئیر کی شروعات کرنے جا رہے ہیں، انہوں افغانستان کرکٹ ٹیم کا کوچ بننے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کے سربراہ عاطف مشال نے کہا کہ یونس خان نے ریٹائرمنٹ کے بعد افغانستان کی کرکٹ ٹیم کا کوچ بننے پر رضا مندی ظاہر کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ افغان کرکٹ بورڈ اس معاملے میں معاہدے کو حتمی شکل دے رہا ہے۔

مزید پڑھیں: 'یونس خان! پاکستان تمھارا شکرگزار ہے'

یونس خان اس وقت دورہ ویسٹ انڈیز میں ٹیم میں موجود ہیں، جہاں وہ اپنے کیرئیر کا آخر میچ کھیل رہے ہیں۔

اس سے قبل پاکستان کے سپر اسٹار کھلاڑی انضمام الحق، راشد لطیف اور کبیر خان بھی افغانستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔

خیال رہے کہ اس وقت بھارت سے تعلق رکھنےو الے لال چند راجپوت افغان کرکٹ ٹیم کے کوچ ہیں جو کہ جون 2016 سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: موجودہ عہد کے کھلاڑیوں میں یونس خان کا مقام

افغان کرکٹ ٹیم 4 مرتبہ ورلڈ ٹی ٹونٹی چیمپیئن شپ کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے جہاں اسے ابتدائی تین ٹورنامنٹ کے پہلے ہی مرحلے میں شکست سے دوچار ہونا پڑا تھا تاہم 2016 میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

افغانستان نے 2015 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونےوالے کرکٹ کے عالمی کپ کے لیے بھی کولیفائی کیا تھا جہاں اس نے اسکاٹ لینڈ کو شکست دے کر اپنی ورلڈ کپ میں پہلی اور واحد کامیابی حاصل کی تھی۔

افغانستان ایک روزہ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں اس وقت 10ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 9ویں نمبر پر ہے۔

یاد رہے کہ افغانستان کو اب تک بین الاقوامی ٹیسٹ میچ کھیلنے کا اسٹیٹس حاصل نہیں ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں