راولپنڈی پولیس نے نواحی قصبہ روات میں رشتہ سے انکار پر شادی شدہ خاتون کو مبینہ طور پر اغواء کرکے گینگ ریپ کا نشانہ بنانے والے 2 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انھیں گرفتار کرلیا۔

ایس ایچ او روات بشارت عباسی کے مطابق متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ان کی شادی 6 سال قبل ہوئی اور وہ اپنے شوہر کے ساتھ خوش تھیں، ایک دن اپنے والد کے گھر جاتے ہوئے ڈھوک میجر اسٹاپ پر مہران گاڑی میں سوار ملزمان خرم اورنعمان نے انھیں زبردستی گاڑی میں بٹھا لیا اور نئی آبادی روات لے گئے۔

خاتون کے مطابق ملزمان نے انھیں وہاں ایک گھر میں قید رکھا اور 5 دن تک گینگ ریپ کا نشانہ بناتے رہے۔

خاتون کا کہنا تھا کہ ملزم خرم نے ان کا رشتہ مانگا تھا، تاہم ان کے والد نے انکار کر دیا تھا اور اس بات کا بدلہ لینے کے لیے ملزم نے اپنے ایک دوست کے ساتھ مل کر انھیں مبینہ طور پر گینگ ریپ کا نشانہ بنایا۔

مزید پڑھیں: 12 سالہ گھریلو ملازمہ کے 'گینگ ریپ' میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

خاتون نے الزام عائد کیا کہ دونوں ملزمان نے ان کی قابل اعتراض تصاویر لے کر انھیں سوشل میڈیا پر بھی اپ لوڈ کیا۔

روات پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف ریپ اور حبس بے جا سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

ایس ایچ او بشارت عباسی کے مطابق ملزم نعمان موٹرسائیکل کا مکینک ہے جبکہ ملزم خرم بیرون ملک ہوتا ہے اور حال ہی میں واپس آیا تھا، جبکہ وہ دوبارہ ویزہ لگوا کر واپسی کے لیے تیار تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 12 سالہ ملازمہ کا گینگ ریپ، چیف جسٹس نے نوٹس لے لیا

انھوں نے بتایا کہ دونوں نامزد ملزمان کو روات کے علاقے سے ہی گرفتار کیا گیا، جنھیں علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز بھی برآمد کیے جائیں گے جبکہ سوشل میڈیا کے لیے جو موبائل فون استعمال کیا گیا اس کی فرانزک رپورٹ بھی حاصل کی جارہی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں