مانچسٹر دھماکا: عینی شاہدین نے کیا دیکھا؟

اپ ڈیٹ 27 مئ 2017
امریکا گلوکارہ آریانہ گرانڈے نے بھی دھماکے پر شدید دکھ کا اظہار کیا—فوٹو: اے پی
امریکا گلوکارہ آریانہ گرانڈے نے بھی دھماکے پر شدید دکھ کا اظہار کیا—فوٹو: اے پی

امریکی پاپ گلوکارہ آریانہ گرانڈے کے کنسرٹ میں شرکت کے لیے مانچسٹر کے برٹش ایرینا کا رخ کرنے والے ہزاروں افراد کو اندازہ بھی نہیں تھا کہ کنسرٹ کے چند منٹوں بعد ہی رنگوں اور موسیقی میں نہایا ایرینا خون سے رنگ جائے گا اور یہاں ہر طرف چیخ و پکار مچ جائے گی۔

برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں واقع برٹش ایرینا میں مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً ساڑھے 10 بجے ہونے والے خوفناک دھماکے میں 22 افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوئے۔

برطانوی پولیس کی جانب سے خودکش دھماکا قرار دیا جانے والا یہ حملہ برٹش ایرینا میں جاری امریکی گلوکارہ آریانہ گرانڈے کے کنسرٹ کے ختم ہونے کے کچھ دیر بعد ہوا۔

مانچسٹر ایرینا کی جانب سے جاری ہونے بیان کے مطابق دھماکا کنسرٹ کے مقام کے باہر اُس وقت ہوا جب کنسرٹ کے شرکاء ایرینا سے باہر نکل رہے تھے۔

دوسری جانب 21 ہزار افراد کی گنجائش رکھنے والے ایرینا میں دھماکے کے وقت موجود عینی شاہدین نے بھی اس واقعے سے متعلق بہت کچھ بتایا۔

دھماکا داخلی دروازے پر ہوا

چند عینی شاہدین کے مطابق دھماکا کنسرٹ ختم ہونے کے فوری بعد ایرینا کے داخلی دروازے پر ہوا۔

'آریانہ نے ابھی تھینک یو مانچسٹر کہا ہی تھا کہ۔۔۔'

امریکی گلوکارہ کے کنسرٹ میں موجود ان کی ایک مداح نے بتایا کہ ابھی آریانہ گرانڈے نے اپنا آخری گانا ختم کرکے اسٹیج سے جانے سے پہلے 'شکریہ مانچسٹر' کہا ہی تھا کہ دھماکا ہوگیا۔

برطانوی پولیس کے مطابق برٹش ایرینا میں بچوں سمیت ہزاروں کی تعداد میں شائقین موجود تھے۔

دھماکے کے بعد بھگدڑ مچنے کے نتیجے میں بچوں کی بڑی تعداد اپنے والدین سے جدا ہوگئی جنہیں پریشان حال والدین ہال اور جائے وقوع پر ڈھونڈتے دکھائی دیئے۔

'کسی نے کہا باہر بھاگو'

جینی بریوسٹر بھی ان والدین میں سے ایک تھیں جو اپنے بچوں کے ہمراہ کنسرٹ دیکھنے آئے تھے۔

جینی بریوسٹر کے مطابق کنسرٹ کے اختتام پر وہ بیٹی کے ہمراہ باہر نکلنے ہی والی تھیں کہ دھماکا ہوگیا۔

اسکائی نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا، 'میں نے زور دار دھماکے کی آواز سنی، پھر کسی شخص نے کہا کہ بھاگو اور ہم باہر کی طرف بھاگے'۔

ان کا کہنا تھا کہ اس لمحے فضا میں جلنے کی بو محسوس کی جاسکتی تھی۔

'دھماکے کی سمت سے سب کچھ ہماری جانب بڑھنے لگا'

کنسرٹ میں شریک 22 سالہ نوجوان ماجد خان کے مطابق دھماکے کے بعد سب ایرینا سے جلد از جلد نکلنے کی کوشش کرتے دکھائی دیئے۔

17 سالہ اولیو جونز کے مطابق 'یہ ایک بہت زوردار دھماکا تھا جس کے بعد دھماکے کی سمت سے سب کچھ ہماری جانب بڑھنے لگا جیسے ہر کوئی ایرینا سے باہر نکلنے کی کوشش کررہا ہو'۔

'راہداری لوگوں سے بھری ہوئی تھی'

کنسرٹ میں شریک ایک اداکارہ ایزابل ہوگنز نے اسکائی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے بعد سب پریشان دکھائی دیئے۔

ان کا کہنا تھا 'کوریڈور لوگوں سے بھرا ہوا تھا اور وہاں جلنے کی بو پھیلی ہوئی تھی، جب ہم وہاں سے نکل رہے تھے تو صرف دھواں ہی دھواں تھا'۔

'ہر طرف لاشیں نظر آئیں'

ایلینا سیمانو جو دھماکے کے وقت ایرینا کے ٹکٹ آفس کے پاس کھڑی تھیں، انہوں نے اُس وقت کی کچھ یوں منظر کشی کی 'مجھے اپنی گردن پر کچھ تپش محسوس ہوئی، جب میں نے مڑ کر دیکھا تو ہر طرف لاشیں بکھری پڑی تھیں'۔

' آج سے پہلے اتنی خوف زدہ کبھی نہیں ہوئی'

اپنی 9 سالہ بیٹی کے ساتھ کنسرٹ میں شریک شیرل میکڈونلڈ کہتی ہیں کہ وہ آج سے پہلے اتنی خوف زدہ کبھی نہیں ہوئیں۔

انہوں نے دھماکے کے وقت کو 'خوفناک' قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹی شدید صدمے میں ہے۔

دھماکے سے کئی میٹر دور موجود گیری واکر اپنی بیٹیوں کا انتظار کررہے تھے جب ان کا پاؤں کسی سخت چیز لگنے سے شدید زخمی ہوا۔

انہوں نے بی بی سی ریڈیو کو بتایا کہ ان کی بیوی بھی دھماکے میں زخمی ہوئی۔

گیری کی بیٹی ابیگیل کے مطابق 'مجھے اپنی بہن کو ساتھ لے کر نکلنا تھا، میں نے اس کا ہاتھ پکڑ کر زور سے کھنیچا، ہر کوئی رو رہا تھا اور بھاگ رہا تھا، وہ بہت خوف ناک منظر تھا'۔

'دھماکا داخلہ دروازے پر ہی ہوا تھا'

ایک اور عینی شاہد ایما جانسن کے مطابق دھماکا ایرینا کے داخلی دروازے پر ہی ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا، 'ہم سیڑھیوں پر موجود تھے کہ اچانک شیشے بکھر گئے، وہ جگہ مرچنڈائز کے پاس تھی اور دھماکے سے پوری بلڈنگ لرز اٹھی'۔

خیال رہے کہ مانچسٹر ایرینا یورپ کا سب سے بڑا اِن ڈور ایرینا ہے جس کا افتتاح 1995 میں کیا گیا تھا، جبکہ یہ کنسرٹس اور کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کے لیے مشہور جگہ سمجھی جاتی ہے۔

گو اب تک کسی کی جانب سے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی تاہم امریکا سے تعلق رکھنے والے سائٹ انٹیلی جنس گروپ کا دعویٰ ہے کہ عراق اور شام میں موجود داعش کے آن لائن حامی دھماکے کے بعد جشن مناتے دکھائی دیئے۔

سائٹ کے مطابق ایک حامی نے اپنے پیغام میں لکھا 'اب یہ لوگ اس کا مزہ چکھیں جن کی بمباری سے موصل اور رقہ کے کمزور لوگوں کو برداشت کرنا پڑتا ہے'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں