ہندوستان کی کابینہ نے مہنگی درآمدات پر انحصار کم کرنے اور مقامی سطح پر تیار کردہ اعلیٰ تکنیکی دفاعی آلات کو فروغ دینے کی پالیسی منظور کر لی۔

نئے اسٹریٹیجک پارٹنرشپ ماڈل کے تحت حکومت ہندوستانی کمپنیوں کا انتخاب کرے گی جو غیر ملکی آرگنائزیشن کے تعاون سے مقامی سطح پر ہیلی کاپٹر، سب میرین، فائٹر جیٹ اور بکتر بند گاڑیاں تیار کریں گی۔

مقامی سطح پر ہپر چیز تیار کرنے کی مہم کے طور پر وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے دفاعی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حد میں اضافہ کرتے ہوئے مقامی کمپنیوں کی غیر ملکی آرگنائزیشنز کے ساتھ شراکت کی حوصلہ افزائی کی ہے۔

حکومت کی جانب بیان میں کہا گیا کہ اس نئی پالیسی کے تحت مقامی سطح پر تیار مصنوعات کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ ملازمت کے مواقع میں بھی اضافہ ہو گا جبکہ ہر شعبے میں مقامی سپلائرز کو ترجیح دی جائے گی۔

ہندوستان خطے میں اپنے روایتی حریفوں چین اور پاکستان کے ساتھ ایک عرصے سے جاری تنازعات کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنے سوویت عہد میں بنائے گئے ہارڈویئر اور آلات میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کر رہا ہے۔

گزشتہ سال برطانیہ کی بڑی دفاعی کمپنی نے ہندوستان کے مہندرا گروپ کے ساتھ اتحاد کیا تھا جس کے تحت ہندوستان میں مقامی سطح پر آرٹلری گن کا پلانٹ لگایا جائے گا۔

ہندوستان نے ملک میں غیر ملکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے ’فارن انویسٹمنٹ پروموشن‘ بورڈ کو ختم کردیا ہے جس کی بدولت اب غیر ملکی سرمایہ کاری کی منظوری وزارتیں انفرادی سطح پر دے سکیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں