سلو اوور ریٹ کے سبب تھارنگا پر دو میچوں کی پابندی

04 جون 2017
اپل تھارنگا جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں انجرڈ اینجلو میتھیوز کی جگہ قیادت کر رہے تھے— فوٹو: اے ایف پی
اپل تھارنگا جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں انجرڈ اینجلو میتھیوز کی جگہ قیادت کر رہے تھے— فوٹو: اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں انتہائی سلو اوور ریٹ پر سری لنکا کے قائم مقام کپتان اپل تھارنگا پر دو میچوں کی پابندی لگا دی۔

ہفتے کو سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے عمران طاہر اور ہاشم آملا کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 96 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

سری لنکا کو جہاں اس میچ میں بدترین ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا وہیں وہ اپنے قائم مقام کپتان اپل تھارنگا کی خدمات سے بھی اگلے میچوں میں محروم ہو گئے ہیں۔

کپتان اینجلو میتھیوز کے زخمی ہونے کے سبب سری لنکا کی قیادت کے فرائض اپل تھارنگا نے انجام دیے لیکن چیمپیئنز ٹرافی میں ان کی زیر قیادت پہلے ہی میچ میں ٹیم مشکلات سے دوچار ہو گئی۔

سری لنکا کی ٹیم نے مقررہ اوورز مکمل کرنے کیلئے چار گھنٹے سے زیادہ صرف کیے اور انہوں نے مقررہ وقت سے آدھے گھنٹے زیادہ خرچ کیے جس کے سبب آئی سی سی سخت ایکشن لیتے ہوئے تھارنگا پر دو میچوں کی پابندی لگا دی جس کے سبب وہ اب وہ چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان اور انڈیا کے خلاف میچ میں سری لنکن ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔

تھارنگا نے اپنی غلطی اور سزا کو تسلیم کر لیا جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

تبصرے (0) بند ہیں