برمنگھم: پاکستان کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے سلسلے میں بھارت کے خلاف میچ میں وہاب ریاض کو کھلانا ان کا اپنا فیصلہ تھا جس کی وہ ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانی کوچ نے کہا، ' یہ کہنا سراسر غلط ہے کہ پاکستانی اسکواڈ ان کے ماتحت ہے'۔

ایک سال قبل ہی پاکستانی ٹیم کی بطور کوچ ذمہ داریاں سنبھالنے والے مکی آرتھر نے کہا ’یہ کہنا کہ ہم برا کھیل پیش کر رہے تھے، ہماری بے عزتی ہے‘۔

مزید پڑھیں: برمنگھم اسٹیڈیم میں 'کشمیر کی آزادی' کے نعرے

انہوں نے گذشتہ برس پاکستان ٹیم کی فتوحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گزشتہ برس 2 سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا جبکہ ایک روزہ کرکٹ میں بھی نویں سے آٹھویں نمبر پر آگیا۔

مکی آرتھر نے کہا کہ 'یہ پاکستان ٹیم کا برا دن تھا اور ٹیم اسے بدلنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے'۔

محمد عامر اور وہاب ریاض کی فٹنس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ میں نہیں جانتا کہ ایسا کیوں ہوا لیکن میں اس معاملے کو میڈیکل ٹیم کے سامنے اٹھاؤں گا۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے سلسلے میں بھارت کے خلاف کھیلتے ہوئے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے 8.4 اوورز میں 87 رنز دیے جو اب تک ایونٹ کی تاریخ میں کسی بھی فاسٹ باؤلر کی سب سے خراب پرفارمنس ہے جبکہ محمد عامر نے 8.1 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ حاصل کیے 36 رنز دیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وہاب پاکستان ٹیم کا'ہتھیار نمبر ایک' ہیں:آرتھر

ایونٹ میں بھارت کے خلاف پاکستان ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی تھی اور اسے 124 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

ایونٹ میں پاکستان کو مزید 2 میچز کھیلنے ہیں جن میں کامیاب ہونے کی صورت میں ہی پاکستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرسکے گا۔

پاکستان 7 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف برمنگھم میں ہی اپنا دوسرا میچ کھیلے گا جبکہ اپنے تیسرے میچ میں 12 جون کو کارڈف کے صوفیہ گارڈن میں سری لنکا کے مد مقابل ہوگا۔


تبصرے (0) بند ہیں