برمنگھم اسٹیڈیم میں 'کشمیر کی آزادی' کے نعرے

04 جون 2017
تماشائیوں نے فری کشمیر کے نعرے لگائے—فوٹو:رائٹرز
تماشائیوں نے فری کشمیر کے نعرے لگائے—فوٹو:رائٹرز
کشمیری شائقین نے پاکستان کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے پاکستان زندہ باد کےنعرے لگائے—فوٹو:رائٹرز
کشمیری شائقین نے پاکستان کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے پاکستان زندہ باد کےنعرے لگائے—فوٹو:رائٹرز

انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان چمپیئنز ٹرافی 2017 کا ایک اہم میچ کھیلا جارہا ہےجہاں دونوں طرف کے تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود ہے تاہم کشمیری شائقین نے آزادی کے بلند شگاف نعرے لگائے۔

برمنگھم اسٹیڈیم میں 24 ہزار سے زائد تماشائیوں کی گنجائش ہے جہاں پاکستانی اور بھارتی تماشائی کھچاکھچ بھرے ہوئے ہیں اور اس میچ کے لیے شائقین کئی گھنٹے پہلے اسٹیڈیم پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔

تماشائیوں نے گراؤنڈ میں پہنچتے ہی ہلہ گلا شروع کردیا جہاں تماشائیوں نے اپنی اپنی ٹیموں کے جھنڈے اپنے ساتھ لائے ہیں۔

پاکستانی شائقین نے قومی ٹیم کی حمایت میں بھرپور جذبے کا اظہار کیا—فوٹو:اے پی
پاکستانی شائقین نے قومی ٹیم کی حمایت میں بھرپور جذبے کا اظہار کیا—فوٹو:اے پی

برمنگھم اسٹیڈیم میں خاص بات کشمیری شائقین کی ہے جو پاکستانی ٹیم کی حمایت کررہے ہیں۔

کشمیری شائقین نے 'گو انڈیا گو' اور 'فری کشمیر' کے نعرے لگائے جبکہ دل دل پاکستان گانا گاکر بھی جوش و خروش کو مزید بھڑکایا۔

کشمیری شائقین نے گراؤنڈ میں داخل ہونے سے قبل وادی میں بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے عالمی برادری کی توجہ کشمیر کی جانب مبذول کرانے کی بھرپور کوشش کی۔

دوسری جانب کئی شائقین نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے حوالے سے بھی پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔

واضح رہے کہ چمپیئنز ٹرافی کے چوتھے میچ میں پاکستان اور روایتی حریف بھارت مدمقابل ہیں جہاں دونوں ٹیموں طویل عرصےبعد مدمقابل ہیں۔

برمنگھم میں بارش کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان جاری میچ کو دو مرتبہ روکنا پڑا اور میچ کو 49 اوورز تک محدود کردیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں