آسٹریلیا کا لگاتار دوسرا میچ بارش کی نذر

06 جون 2017
آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ میں بارش کے سبب وکٹ کو کور سے ڈھکا ہوا ہے جبکہ تماشائی میدان سے مایوس لوٹ رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ میں بارش کے سبب وکٹ کو کور سے ڈھکا ہوا ہے جبکہ تماشائی میدان سے مایوس لوٹ رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

لندن: چیمپیئنز ٹرافی میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں بارش نے آسٹریلین ٹیم سے یقینی فتح چھین لی اور آسٹریلیا کی ٹیم کا لگاتار دوسرا میچ بارش کی نذر ہونے کے سبب ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی کی کوششوں کو شدید دھچکا ہے۔

اوول، لندن میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ابرآلود موسم میں پہلے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو صحیح ثابت نہ ہوا۔

ایونٹ کے افتتاحی میچ میں سنچری بنانے والے تمیم اقبال نے ایک مرتبہ شاندار اننگز کھیلی لیکن دوسرے اینڈ سے کوئی بھی بلے باز ان کا ساتھ دینے کیلئے تیار نہ ہوا۔

53 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد تمیم نے شکیب الحسن کے ساتھ مل کر ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی اور اس میں کافی حد تک کامیاب بھو ہو چکے تھے لیکن 29 کے انفرادی اسکور پر شکیب کے پویلین لوٹنے کے ساتھ ہی 69 رنز کی شراکت بھی اختتام پذیر ہوئی۔

ایڈم زامپا نے محموداللہ اور صابر رحمان کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو یکے بعد دیگرے دو کامیابیاں دلائیں لیکن بنگلہ دیش کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب مچل اسٹارک نے تمیم کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اوپننگ بلے باز نے تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 95 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

مچل اسٹارک نے صرف اسی پر بس نہ کی بلکہ تباہ کن اسپیل کرتے ہوئے صرف نو گیندوں میں چار وکٹیں حاصل کر کے بنگلہ دیشی ٹیم کی بساط 182 رنز پر لپیٹ دی۔

آسٹریلیا کی جانب سے اسٹارک چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ ایڈم زامپا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں آسٹریلین اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 48 رنز کا آغاز فراہم کیا، ایرون فنچ 19 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر نے مجموعے کو 83 تک پہنچایا ہی تھا کہ 16ویں اوور کے اختتام پر بارش کے سبب کھیل کو روکنا پڑ گیا۔

اس کے بعد کافی مرتبہ میچ دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کی گئی لیکن بارش کے سبب ایسا ممکن نہ ہو سکا جس کے بعد امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

میچ بارش کی نذر ہونے کے سبب بنگلہ دیش کی ٹیم کو ایک پوائنٹ مل گیا لیکن آسٹریلین ٹیم کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں ماند پڑنے لگ گئی ہیں ہیں کیونکہ یہ ان کا لگاتار دوسرا میچ ہے جو بارش کی نذر ہوا ہے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان میچ بھی بارش کی نذر ہونے کے سبب آسٹریلیا کو ایک پوائنٹ ملا تھا۔

اب آسٹریلیا کو سیمی فائنل میں رسائی کیلئے ہر حال میں انگلینڈ کے خلاف ہونے والے اگلے میچ میں کامیابی درکار ہے اور کامیابی کی صورت میں بھی میں ان کی پیش قدمی کا انحصار نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی کارکردگی پر ہو گا۔

ایونٹ میں اگلا میچ آج نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان کارڈف میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں