’صورتحال واضح ہے، ہمیں یہ میچ جیتنا ہے‘

11 جون 2017
محمد حفیظ نے کہا کہ وہ پاکستان کیلئے ’ناقابل بھروسہ ٹیم‘ کا ٹیگ پسند کرتے ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
محمد حفیظ نے کہا کہ وہ پاکستان کیلئے ’ناقابل بھروسہ ٹیم‘ کا ٹیگ پسند کرتے ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم سری لنکا کے خلاف میچ کیلئے مکمل طور پر تیار ہے اور ہم میچ جیت کر سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے پرعزم ہیں۔

کارڈف میں میچ سے ایک دن قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حفیظ نے کہا کہ ہمارے لیے صورتحال بالکل واضح ہے، ہمیں میچ جیتنا ہے کیونکہ بقیہ تمام چیزیں کوئی معنی نہیں رکھتیں۔ ہم سب تیار ہیں اور میچ جیت کر سیمی فائنل میں پہنچنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ناقابل بھروسہ ٹیم کے نام سے مشہور ہے اور مجھے پاکستان سے منسوب یہ ٹیگ پسند ہے۔ بحیثیت ٹیم ہم بہت جارح مزاج ہیں۔

’میں ذاتی طور پر یہ ٹیگ پسند کرتا ہوں کیونکہ ہمیں پہلی مرتبہ یہ خطاب اس وقت دیا گیا تھا جب ہم نے 1992 کا ورلڈ کپ جیتا تھا اور اگر آپ اس وقت سے لے کر اب تک پاکستان کرکٹ کی تاریخ دیکھیں تو ہم ہمیشہ سے ہی ناقابل بھروسہ رہے ہیں۔ ہمارے پاس ہمیشہ سے ہی باصلاحیت کھلاڑی رہی ہیں لیکن پتہ نہیں ہوتا کہ میچ کا نتیجہ کیا نکلے گا، اسی وجہ سے حریف ٹیم کبھی بھی ہمیں آسان تصور نہیں کرتی۔

البتہ انہوں نے کہا کہ ہم مستقل مزاجی سے کارکردگی سے کیلئے مستقل کام کر رہے ہیں، ہم ایک نئی ٹیم ہیں لیکن تمام تر چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں کل کارڈف میں مدمقابل ہوں گی جہاں فاتح ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل کیلئے کوایفائی کر لے گی۔

حفیظ کا کہنا تھا کہ ہمارا یقین ہے کہ بحیثیت ٹیم ہم درست سمت میں گامزن ہیں اور ہم اپنے کردار بہت اچھے سے جانتے ہیں۔ میچ جیت کر ٹورنامنٹ میں آگے جانا بہت بہترین لمحہ ہو گا۔

ڈاٹ گیندوں کے بارے میں سوال پر حفیظ نے کہا کہ 300 اسکور کرنے کا طریقہ ہر کسی کا ایک جیسا نہیں ہوتا، ہمیں مختلف کنڈیشنز میں مختلف چیزوں کو مدنظر رکھ کر کھیلنا پڑتا ہے، 300 رنز سے زیادہ صورتحال کو دیکھ کر کھیلنا ہی اصل کامیابی ہے اور ہمارا اصل ہدف یہ ہوتا ہے کہ وہ اسکور کریں جو میچ کو جیتنے کیلئے درکار ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں آل راؤنڈر نے انکشاف کیا کہ اظہر کو جب کپتان بنایا گیا تو اسی وقت یہ کہا گیا تھا کہ کپتان کی مںصوبہ بندی کے بیچ میں نہ کودا جائے تاکہ وہ بہترین طریقے سے اپنے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل سکیں لیکن اگر وہ ہم سے آ کر پوچھ لیں تو ہم بتاتے ہیں اور فیلڈ جب کبھی ہمیں محسوس ہوتا ہے کہ ہمیں سرفراز کوئی مشورہ دینا ہے تو ہمیشہ حاضر رہتے ہیں۔

چیمپیئنز ٹرافی میں میزبان انگلینڈ، بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر چکی ہیں جبکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ کی فاتح ٹیم سیمی فائنل کھیلنے کی حقدار قرار پائے گی۔

سیمی فائنل میں بھارت کا مقابلہ بنگلہ دیش جبکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ کی فاتح ٹیم کا مقابلہ انگلینڈ سے ہو گا۔

تبصرے (0) بند ہیں