کوہلی نے ڈی ویلیئرز کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

15 جون 2017
ویرات کوہلی نے 78 گیندوں پر 13 چوکوں کی مدد سے 96 رنز بنائے— فوٹو: رائٹرز
ویرات کوہلی نے 78 گیندوں پر 13 چوکوں کی مدد سے 96 رنز بنائے— فوٹو: رائٹرز

بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے بنگلہ دیش کے خلاف ناقابل شکست 96 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فائنل تک رسائی دلانے کے ساتھ ساتھ نیا عالمی ریکارڈ بھی بنا دیا۔

ایجبسٹن میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے 265 رنز کے ہدف کے تعاقب میں روہت شرما، شیکھر دھاون اور کوہلی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت باآسانی نو وکٹ سے فتح اپنے نام کی۔

اس اننگز کے دوران روہت شرما نے 126 رنز بنائے اور مین آف دی میچ قرار پائے لیکن دوسرے اینڈ پر موجود کوہلی نے 96 رنز کی باری کھیل کر تیز ترین آٹھ ہزار رنز بنانے والے بلے باز کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

کوہلی نے 175ویں انگز میں یہ کارنامہ انجام دے کر یہ اعزاز اپنے نام کیا اور ڈی ویلیئرز کو اس ریکارڈ سے محروم کردیا۔

ڈی ویلیئرز نے 182 اننگز میں آٹھ ہزار رنز مکمل کر کے بھارت کے سارو گنگولی کو اس اعزاز سے محروم کیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے تیز ترین آٹھ ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ سعید انور کے پاس ہے جنہوں نے 218 میچوں میں یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں