پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر ویرات کوہلی بھی حیران

16 جون 2017
بھارت نے چیمپیئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو باآسانی نو وکٹ سے شکست دی— فوٹو: اے ایف پی
بھارت نے چیمپیئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو باآسانی نو وکٹ سے شکست دی— فوٹو: اے ایف پی

ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی بھی چیمپیئنز ٹرافی کے پاکستانی ٹیم کی عمدہ کارکردگی کے مداح بن گئے ہیں اور انہوں نے تسلیم کیا کہ پاکستان کی کارکردگی میں یکسر تبدیلی نے انہیں بھی بہت متاثر کیا ہے۔

بنگلہ دیش کے خلاف چیمپیئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں نو وکٹ کی آسان فتح سے ہمکنار ہونے کے بعد ایبسٹن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے کیدر جادھو اور روہت شرما کی عمدہ کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ میچ میں جادھو کا اسپیل ٹرننگ پوائنٹ چابت اور تمام باؤلرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اچھی بیٹنگ وکٹ پر بنگلہ دیش کو 264 رنز تک محدود کردیا جس کے بعد روہت شرما نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک مرتبہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

کوہلی نے فائنل کے حوالے سے کہا کہ ہم اس سے قبل بھی بڑے میچز کھیل چکے ہیں جس کا ہمیں فائدہ ہو گا لیکن میرا نہیں خیال کہ پاکستان کے خلاف ایونٹ کے پہلے میچ میں فتح کا اس میچ سے کوئی تعلق ہے، ہم اس میچ کو ہرگز آسان نہیں لے سکتے ہیں کیونکہ ہم نے اس ایونٹ میں چند اہم اپ سیٹ ہوتے دیکھے ہیں اور ہم اس فائنل میچ میں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

اس موقع پر انہوں نے ایونٹ کے پہلے میچ میں بدترین شکست کے بعد لگاتار تین کامیابیاں حاصل کر کے فائنل میں پہنچنے والی پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر تعجب کا اظہار کیا۔

’میں پاکستان کی کارکردگی سے بہت متاثر ہوا ہوں، ان کو اس بات کا سہرا جاتا ہے کہ انہوں نے چیزوں کو یکسر بدل کر رکھ دیا۔ ان ٹیموں کو شکست دی جو ان کے مقابلے میں بہت مضبوط نظر آ رہی تھیں‘۔

پاکستان کو ایونٹ کے افتتاحی میچ میں بھارت سے 124 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا لیکن اس کے بعد گرین شرٹس نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے جنوبی افریقہ، سری لنکا اور پھر سیمی فائنل میں فیورٹ انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

بھارتی کپتان نے کہا کہ پاکستان جس طرح بحیثیت ٹیم گراؤنڈ میں کارکردگی دکھا رہا ہے اس سے ان میں ایک یقین نظر آ رہا ہے لیکن ہم اس بارے میں زیادہ نہیں سوچیں گے اور وہی کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے جو ہم نے اب تک کھیلا ہے اور ان کی خامیوں اور خوبیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بنائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں فائنل میچ کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دینا چاہتا لیکن ہم اس میچ کو ہرگز آسان نہیں لیں گے اور میچ کیلئے بھرپور تیاری کے ساتھ اتریں گے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان ایونٹ کا فائنل اتوار کو اوول میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں