اسلام آباد: خلیجی ریاستوں میں جاری کشیدگی کے دوران قطر میں پیدا ہونے والے مبینہ خوراک کے بحران کے پیش نظر پاکستان نے قطر کو مرغی کے گوشت کی برآمدات کا آغاز کردیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) کے صدر زبیر طفیل کا کہنا تھا کہ ’ایف پی سی سی آئی‘ نے قطر کی غذائی ضروریات کے کچھ راستے بند ہونے پر قطری تاجروں سے رابطہ کر کے پاکستان سے ہر طرح کی غذائی ضروریات پوری کرنے کی پیش کش کی تھی۔

مزید پڑھیں: قطر کشیدگی پر پاکستان کا اظہار تشویش

انہوں نے کہا کہ ان روابط کے نتیجے میں کچھ قطری کمپنیوں نے فوری طور پر مرغی کے گوشت کی ضرورت پوری کرنے کے لیے پاکستانی برآمد کنندگان سے رابطہ کیا اور پاکستان نے قطر کے لیے مرغی کے گوشت کی برآمدات کا آغاز کر دیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ قطر کے لیے مرغی کا گوشت ہوائی جہاز کے ذریعے برآمد کیا جارہا ہے۔

قطر کے پڑوسی ملکوں سے تجارتی رابطے ٹوٹنے کے بعد پاکستان نے مرغی کے گوشت کی فراہمی کے حوالے سے قطری درآمد کنندگان سے رابطے کئے تھے.

یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے کے آغاز میں سعودی عرب، مصر، بحرین، یمن، متحدہ عرب امارات اور مالدیپ نے قطر پر دہشت گردی کی حمایت کے الزامات عائد کرتے ہوئے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: مشرق وسطیٰ کشیدگی:قطر کے اعلیٰ سطح کے وفد کا دورہ پاکستان

اس کے علاوہ لیبیا کی مشرقی حکومت کے وزیر خارجہ محمد دیری نے اپنے ایک بیان میں قطر سے تعلقات کے خاتمے کا اعلان کیا، تاہم انھوں نے فوری طور پر اس اقدام کی کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔

سعودی عرب سمیت دیگر عرب ممالک کی جانب سے قطر سے سفارتی تعلقات ختم کیے جانے کے بعد پاکستان نے دوحہ سے تعلقات بحال رکھنے کا عندیہ دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں