زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل ’نصر‘ کا کامیاب تجربہ

اپ ڈیٹ 05 جولائ 2017
میزائل تجربے کی ویڈیو کا اسکرین گریب — فوٹو: بشکریہ آئی ایس پی آر
میزائل تجربے کی ویڈیو کا اسکرین گریب — فوٹو: بشکریہ آئی ایس پی آر

پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل ’نصر‘ کا کامیاب تجربہ کرلیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نصر میزائل کی شارٹ رینج صلاحیت 60 سے بڑھا کر 70 کلو میٹر کردی گئی ہے، جبکہ بیرونی خطرے کے تناظر میں ’نصر‘ میزائل سے ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہوگا۔

بیان میں کہا گیا کہ اس ہفتے ’نصر‘ میزائل سمیت مختلف میزائلوں کے تجربے کی تیاری کرلی گئی ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کامیاب میزائل تجربے کا مظاہرہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے سائنسدانوں اور ٹیکنیکل اسٹاف کو مبارکباد دی اور مؤثر کمانڈ اینڈ کنٹرول سیکیورٹی اور سیفٹی نظام پر اظہار اطمینان کیا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ’ملکی اسٹریٹجک اثاثے محفوظ ہیں، دفاعی اثاثوں کی حفاظت کے لیے مناسب اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور شارٹ رینج نصر میزائل کم سے کم دفاعی صلاحیت حاصل کرنے کے لیے ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’سائنسدان ہمارے اصل ہیرو ہیں، میزائل تجربے سے کولڈ اسٹارٹ ڈاکٹرائن پر پانی پھیر دیا، ملکی دفاع کو مضبوط اور ناقابل تسخیر بنانے کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔‘

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ’جنگ کو ہر حالت میں نظر انداز کرنا ہوگا، ہمارے ایٹمی اثاثے امن کی ضمانت ہیں اور ایٹمی اثاثے ہمارے ہمسائے کی جانب سے بڑھتے ہوئے خطرے سے حفاظت کے لیے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’کھلے دل سے مذاکرات کے ذریعے امن کے قیام کی حکومتی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، جبکہ ہماری صلاحیت کا مقصد جنگ نہیں بلکہ دفاع کو یقینی بنانا ہے۔‘

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں