اوول: بارش سے متاثرہ پہلے دن ایلسٹر کک ڈٹ گئے

27 جولائ 2017
ایلسٹر کک نے میچ کے پہلے دن دس چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 82 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
ایلسٹر کک نے میچ کے پہلے دن دس چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 82 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میچ میں بارش سے متاثر میچ کے پہلے دن میزبان نے ایلسٹر کک کی عمدہ اننگز کی بدولت چار وکٹ کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔

اوول میں کھیلے جا رہے تاریخ ساز 100ویں ٹیسٹ میچ میں ابر آلود موسم اور ہری وکٹ پر انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جہاں میزبان ٹیم نے تین تبدیلیاں کرتے ہوئے تین نئے کھلاڑیوں ٹام ویسٹلے، ڈیوڈ ملان اور ٹابی رولینڈ جونز کو ڈیبیو کرایا۔

انگلینڈ کو ابتدا میں ہی اس وقت نقصان اٹھانا پرا جب کیٹن جیننگز نے بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

ویسٹلے نے سابق انگلش کپتان کے ساتھ نصف سنچری شراکت قائم کی ہی تھی کہ میچ میں بارش کی آمد ہو گئی جس کے سبب کھانے کا وقفہ قبل از وقت کردیا گیا۔

کھانے کے وقفے کے فوراً بعد چوتھی ہی گیند پر ویسٹلے 25 رنز بنانے کے بعد کرس مورس کی وکٹ بن گئے۔

ایلسٹر کک کا ساتھ نبھانے کپتان جو روٹ آئے اور دونوں نے ٹیم کی سنچری مکمل کراتے ہوئے تیسری وکٹ کیلئے 49 رنز کی شراکت قائم لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت مزید خطرناک ثابت ہوتی، ورنن فلینڈر نے اپنی ٹیم کو تیسری کامیابی دلاتے ہوئے روٹ کی 29 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

ابھی انگلش ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ کگیسو ربادا نے پہلا میچ کھیلنے ڈیوڈ ملان کی وکٹیں بکھیر کر ڈیبیو کو ڈراؤنا خواب بنا دیا۔

میچ کے دوران بارش نے مداخلت کا سلسلہ وقفے وقفے سے جھاری رکھا لیکن کک ڈٹے رہے اور بین اسٹوکس کے ساتھ ناقابل شکست 51 رنز جوڑ کر دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے 59 اوورز کے کھیل میں چار وکٹ کے نقصان پر 171 رنز بنائے تھے، کک 82 اور اسٹوکس 21 رنز پر کھیل رہے ہیں۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان چار میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں