فرحان اختر کو ’حسینہ‘ خصوصی طور پر دکھائی جائے گی

اپ ڈیٹ 08 اگست 2017
فرحاں اختر اداکاری سمیت ہدایت کاری بھی کرتے ہیں—فائل فوٹو
فرحاں اختر اداکاری سمیت ہدایت کاری بھی کرتے ہیں—فائل فوٹو

بولی وڈ کی خوبرو اداکارہ شردھا کپور ڈائریکٹر اور اداکار فرحان اختر کو اپنی آنے والی فلم ’حسینہ پارکر‘ خصوصی طور پر دکھانا چاہتی ہیں۔

اداکارہ چاہتی ہیں کہ ان کے دوست فرحان اختر فلم ریلیز ہونے سے قبل خصوصی طور پر حسینہ پارکر کو دیکھ کر بتائیں کہ انہوں نے کس طرح اداکاری کی۔

شردھا کپور کو یقین ہے کہ فرحان اختر ہی وہ واحد اور سچے تنقید نگار دوست ہیں، جو انہیں ان کی اداکاری اور فلم سے متعلق اچھے مشورے دے سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بڑی فلموں سے شکست کا ڈر’حسینہ پارکر‘ کی نمائش مؤخر

نشریاتی ادارے ’دی ایشین ایج‘ نے شردھا کپور کے انتہائی قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اداکارہ نے اپنے کیریئر میں سب سے بہترین اداکاری اس فلم کے لیے کی ہے، اس لیے وہ چاہتی ہیں کہ ان کے دوست فرحان اختر فلم دیکھ کر ان کے کردار سے متعلق رائے دیں۔

دونوں بہترین دوست مانے جاتے ہیں—فائل فوٹو
دونوں بہترین دوست مانے جاتے ہیں—فائل فوٹو

خیال رہے کہ ’حسینہ پارکر‘ کو رواں ماہ 18 اگست کو ریلیز کیا جانا تھا، تاہم رواں ماہ بڑی فلمیں ریلیز ہونے کی وجہ سے چوتھی بار اس فلم کی نمائش منسوخ کردی گئی۔

حسینہ پارکر کو سب سے پہلے 14 جولائی 2017 کو ریلیز کیا جانا تھا، تاہم بڑی فلموں کے خوف کی وجہ سے مسلسل اس کی ریلیز 4 بار منسوخ کی گئی۔

مزید پڑھیں: شردہا کپور، داؤد ابراہیم کی 'بہن' بننے کو تیار

اب فلم کی ٹیم نے حسینہ پارکر کو آئندہ ماہ 15 ستمبر کو ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا ہے، اور شردھا کپور چاہتی ہیں کہ نمائش سے پہلے ہی فرحان اختر کو خصوصی طور پر فلم دکھائی جائے۔

ہدایت کار اپوروا لاکھیا کی فلم میں شردھا کپور مرکزی کردار میں نظر آئیں گی، اس فلم میں انہوں نے انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی بہن حسینہ پارکر کا کردار ادا کیا ہے۔

بولی وڈ میں داؤد ابراہیم کی زندگی پر کئی فلمیں بنائی جاچکی ہیں، تاہم پہلی بار ان کی بہن پر فلم بنائی گئی ہے، فلمی ناقدین کے مطابق انڈر ورلڈ ڈان پر بنائی گئی فلموں کے مقابلے اس کی بہن پر بنائی گئی فلم زیادہ کامیاب ہوگی۔

# یہ بھی پڑھیں: داؤد ابراہیم کی فیملی کو دیکھ کر شردھا 'پریشان'

داؤد ابراہیم پر بنی بیشتر بھارتی فلموں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ شردھا کپور کی یہ فلم اس روایت کو توڑنے میں کامیاب ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں