مغربی افریقی ملک سیرالیون کے دارالحکومت فری ٹاؤن میں تباہ کن طوفان کے نتیجے میں 312 افراد ہلاک اور 2 ہزار سے زائد بے گھر ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق طوفان کی وجہ سے بڑی تعداد میں ہلاکتوں کے باعث مردہ خانوں میں لاشیں رکھنے کی گنجائش ختم ہوگئی اور لوگ اپنے پیاروں کی تلاش میں مارے مارے پھرتے رہے۔

تباہ کن طوفان کے باعث شہر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں اور سیکڑوں مکانات بہہ گئے۔

ریڈ کراس کے ترجمان پیٹرک مساکوئی نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ اب تک طوفان کے باعث 312 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، تاہم یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے کیونکہ ان کی ٹیم کا متاثرہ علاقوں کا سروے ابھی جاری ہے۔

فری ٹاؤن کے کوناٹ ہسپتال کے مردہ خانے کے ٹیکنیشن نے کہا کہ صرف ان کے پاس اب تک 180 لاشیں لائی جاچکی ہیں جن میں کئی بچے بھی شامل ہیں اور اب ان کے ہسپتال میں لاشیں رکھنے کی مزید گنجائش نہیں ہے۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا کہ شہر کے علاقے ریجنٹ میں موجود پہاڑی کا ایک حصہ ٹوٹ گیا، جس سے طوفان سے ہونے والی تباہی میں اضافہ ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں