بلوچستان میں امن دشمن فراریوں کا سیکیورٹی فورسز کے آگے ہتھیار ڈالنے کا سلسلہ جاری ہے اور کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے کمانڈر عین الدین سمیت مزید 22 فراریوں نے ہتھیار ڈال دیئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان لبریشن آرمی کے 22 فراریوں نے فرنٹیئر کور (ایف سی) مددگار ہیڈکوارٹرز کوئٹہ میں ہونے والی تقریب میں ہتھیار ڈالے۔

فراریوں کی ہتھیار ڈالنے کی تقریب میں وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کے علاوہ دیگر سرکاری و فوجی حکام شریک تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: 144 فراریوں نے ہتھیار ڈال دیئے

بیان میں کہا گیا کہ فراریوں کا سیکیورٹی فورسز کے آگے ہتھیار ڈالنا بلوچستان میں سیاسی مفاہمتی عمل کا حصہ ہے اور اس سے قبل سیکڑوں فراری ہتھیار ڈال چکے ہیں۔

واضح رہے کہ رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ قبائلی بلوچ علیحدگی پسندوں کی شرپسندی کا گڑھ رہا ہے۔

عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے منسلک شدت پسند بھی بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔

بلوچستان کی سرحد افغانستان اور ایران سے ملتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں