پانی جسم کے لیے بہت ضروری ہے مگر سوال یہ ہے کہ کیا رات کو سونے کے بعد صبح اٹھتے ہی نہار منہ اسے پینا فائدہ مند ہوتا ہے؟

تو اس کا جواب ہے کہ یہ جسم کے لیے کئی فوائد کی حامل عادت ہے۔

جن میں سے کچھ درج ذیل ہیں۔

جسم کو ری ہائیڈریٹ کرے

چھ سے آٹھ کی نیند یعنی کافی وقت تک جسم پانی سے دور رہتا ہے، اٹھتے ہی ایک یا دو گلاس پانی پینا جسم کو فوری طور پر ری ہائیڈریٹ کرنے میں مدد دینے کا اچھا طریقہ ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق کچھ افراد نہار منہ چائے یا کافی کو ترجیح دیتے ہیں جو کہ اینٹی آکسائیڈنٹس کے حصول کا بہترین ذریعہ تو ہے مگر جسم میں پانی کی کمی پوری نہیں ہوتی۔

ذہنی طور پر زیادہ چوکنا کرتا ہے

جسم میں پانی کی کمی کی سب سے بڑی نشانیوں میں سے ایک توانائی کی کمی کا احساس ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ پانی جسم اور دماغی افعال میں مدد دیتا ہے، اسی طرح یہ مزاج کو متوازن رکھنے کے لیے بھی ضروری ہے۔ رات بھر پانی نہ پینے کے بعد نہار منہ اسے پینا جسم کو جھٹکا لگاتا ہے، جس سے ذہنی چوکنے پن اور توانائی کی سطح میں اضافہ ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں : پانی کی کمی سے مرتب ہونے والے 7 جسمانی اثرات

دماغی ایندھن

انسانی دماغ کا 73 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہے، تو جسم میں پانی کی مناسب مقدار دماغی سرگرمیوں کے لیے بہت ضروری ہے۔ نہار منہ ایک گلاس پانی سے دن کا آغاز اس حوالے سے درست سمت کی جانب قدم ہوتا ہے۔

بیماریوں سے بچائے

نیند کے دوران جسم اندر کی خرابیوں کی مرمت اور ریکوری کا کام کرتا ہے، صبح نہار منہ پانی پینے سے دفاعی نظام کے لیے زہریلے مواد کو جسم سے خارج کرنے کے عمل میں تیزی آتی ہے۔ دماغ سے ہٹ کر بھی جسم کے دیگر حصے جیسے دل، گردے اور پھیپھڑوں کے لیے بھی پانی بہت ضروری ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : زیادہ پانی پینا جسم پر کیا اثرات مرتب کرتا ہے؟

میٹابولزم بہتر کرے

نہار منہ پانی پینے کی عادت میٹابولزم کو بہتر کرتا ہے اور موٹاپے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

تبصرے (0) بند ہیں