واٹس ایپ کے اسنیپ چیٹ کی اسٹوریز فیچر کی نقل اسٹیٹس کو ایک نیا ٹیکسٹ اضافہ مل گیا ہے۔

اب صرف تصاویر اور ویڈیوز کی بجائے آپ اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس کو رنگا رنگ تحریری پوسٹس سے بھی سجاسکتے ہیں اور یہ وہ چیز ہے جس کا صارفین کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا تھا۔

فروری میں تصویری یا ویڈیوز پر مشتمل اسٹیٹس کا فیچر متعارف کرانے کے بعد واٹس ایپ میں کافی عرصے سے موجود تحریری اسٹیٹس کے فیچر کو ختم کردیا گیا تھا جس پر صارفین کی جانب سے کافی احتجاج بھی کیا گیا، جس پر اسے واپس لایا گیا۔

مزید پڑھیں : واٹس ایپ کی 14 بہترین ٹرکس

اب دنیا کی مقبول ترین میسجنگ اپلیکشن میں اس تحریری اسٹیٹس کو واپس متعارف کرا دیا گیا ہے اور اب اسے فیس بک جیسے رنگا رنگ اسٹیٹس اپ ڈیٹ کی طرح پوسٹ کیا جاسکتا ہے۔

یعنی کچھ لکھیں اور پھر بیک گراﺅنڈ رنگ کا انتخاب جبکہ فونٹ کو کسٹمائز کرنا، جبکہ دیگر ویب سائٹس کے لنکس بھی اس پوسٹ میں ایڈ کیے جاسکتے ہیں۔

تاہم یہ پرانی طرز کے اسٹیٹس سے مختلف ہے اور اسٹوریز جیسے ورژن سے منسلک ہے۔

یہ بھی پڑھیں : واٹس ایپ نے ایک اور سنگ میل طے کرلیا

سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس رنگا رنگ اسٹیٹس میں ویب سائٹس کے لنک شامل کیے جاسکتے ہیں جو کہ اسنیپ چیٹ اور انسٹاگرام میں بھی موجود ہے مگر صرف ویری فائیڈ اکاﺅنٹس کو ہی یہ سہولت دی جاتی ہے۔

یہ فیچر آج سے صارفین کے لیے پیش کردیا گیا ہے، اینڈرائیڈ اور آئی او ایس میں ایپ کو اپ ڈیٹ کرنے پر اسے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

واٹس ایپ اسٹیٹس فیس بک کی جانب سے اسنیپ چیٹ کے چرائے گئے فیچرز میں کامیاب ترین ہے، جسے روزانہ ڈھائی سو ملین سے زائد افراد استعمال کرتے ہیں، اس طرح اسنیپ چیٹ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

گزشتہ دنوں واٹس ایپ نے ویب صارفین کے لیے بھی اسٹیٹس دیکھنے کا فیچر متعارف کرایا تھا اور اس طرح مقبولیت بڑھانے کا ایک اور راستہ کھول دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں