ارجن رامپال ممبئی کے گینگسٹر ’ڈیڈی‘ بنیں گے

اپ ڈیٹ 07 ستمبر 2017
فلم ’ڈیڈی‘ میں ارجن رامپال مرکزی کردار ادا کررہے ہیں — ۔
فلم ’ڈیڈی‘ میں ارجن رامپال مرکزی کردار ادا کررہے ہیں — ۔

بولی وڈ میں انڈر ورلڈ پر مبنی فلمیں بنانے کا رجحان بڑھتا جارہا ہے جس کی ایک مثال ممبئی مافیا کے ایک ڈان پر بننے والی فلم ’ڈیڈی‘ ہے جو رواں ہفتے ریلیز ہونے جارہی ہے۔

فلم ’ڈیڈی‘ ارون گوولی عرف ڈیڈی نامی گینگسٹر کی زندگی پر مبنی ہے، یہ فلم رواں ماہ 8 تاریخ کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، جس کے بعد انڈیا کے موسٹ وانٹڈ گینگسٹر داؤد ابراہیم کی بہن کی زندگی پر مبنی فلم ’حسینہ‘ ریلیز کی جائے گی۔

ان دونوں فلموں کے علاوہ ایک اور گینگسٹر فلم ’سپنا دی دی‘ کی شوٹنگ کا آغاز اگلے سال ہوگا جس میں دپیکا پڈوکون اور عرفان خان موجود ہیں۔

فلم ’ڈیڈی‘ کی ہدایات عاشم اہلووالیا دے رہے ہیں، جو ایک ایسے مافیا ڈان کی زندگی پر مبنی ہے جو ایک مقامی کونسلر کے قتل کے الزام میں اس وقت جیل میں موجود ہے۔

مزید پڑھیں: شردہا کپور، داؤد ابراہیم کی 'بہن' بننے کو تیار

خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فلم کے ہدایت کار عاشم کا کہنا تھا کہ یہ فلم ارون گاوولی کی فیملی کی اجازت سے بنائی گئی ہے، ورنہ وہ اس پر کام نہیں کرتے۔

انہوں نے مزید کہا، ’مجھے ایسا لگتا ہے کہ ارون ایسا محسوس کرتے ہیں کہ انہوں نے اپنا وقت پورا کرلیا اور ان کے خاندان نے ان کی وجہ سے کافی کچھ برداشت بھی کرلیا ہے، ان کی فیملی کو ہم پر بھروسہ تھا کہ ہم کچھ غلط پیش نہیں کریں گے‘۔

عاشم کے مطابق اس قسم کے موضوع پر فلم بنانا اور پھر دھمکیاں ملنا اس کا ایک ناگزیر حصہ ہے۔

فلم ’ڈیڈی‘ میں 44 سالہ اداکار ارجن رامپال ارون گاوولی کا مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

62 سالہ ارون گاوولی اس وقت ناگ پور کی سینٹرل جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔

ارجن رامپال کا کہنا تھا کہ ’ہم اس قسم کی طرز زندگی یا ایسی دنیا کی تشہیر نہیں کررہے، ہم نے ایک ایسی فلم بنائی ہے جو حقیقت پر مبنی ہے جس سے ناظرین محظوظ ہوسکیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: دپیکا بولی وڈ کی نئی ’مافیا کوئین‘

خیال رہے کہ 1970 کی دہائی میں معروف اداکار امیتابھ بچن بھی اپنی فلموں ’دیوار‘ اور ’ڈان‘ میں مافیا گینگسٹر جیسے کردار ادا کرچکے ہیں۔

ان کے علاوہ ’ستیا‘، ’کمپنی‘، ’دی ڈے‘ اور حال ہی میں ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی فلم ’رئیس‘ بھی اسی موضوع پر مبنی تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں