ورلڈ الیون کی پاکستان آمد، سوشل میڈیا پر بھی پُرتپاک استقبال

اپ ڈیٹ 12 ستمبر 2017
سماجی روابط کی مشہور ویب سائٹ ٹوئٹر پر ورلڈ الیون کےخیرمقدم کے لیے مختلف ٹرینڈز جاری ہیں
سماجی روابط کی مشہور ویب سائٹ ٹوئٹر پر ورلڈ الیون کےخیرمقدم کے لیے مختلف ٹرینڈز جاری ہیں

جنوبی افریقی کپتان فاف ڈیوپلیسی کی قیادت میں آئی سی سی ورلڈ الیون کے کھلاڑی پاکستان ٹیم سے تین بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے لاہور پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ نجم سیٹھی اور صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ سمیت بورڈ کے اعلیٰ عہدیداران نے لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر بین الاقوامی کرکٹ اسٹارز کا خیر مقدم کیا۔

لیکن یہ پُرجوش خیر مقدم صرف ائیرپورٹ تک ہی محدود نہیں تھا، سوشل میڈیا بھی اس موقع پر اپنے زبردست ردعمل کا اظہار کرتا نظر آیا اور پاکستانی کرکٹ لیجنڈز سمیت دیگر ٹوئٹر صارفین نے بھی اپنے پیغامات کے ذریعے ملک میں کرکٹ کی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر مختلف ٹرینڈز بھی سماجی روابط کی مشہور ویب سائٹ ٹوئٹر کی زینت بنے رہے۔

قوم کے محبوب ترین کھیل کا دوسرا جنم: وسیم اکرم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر وسیم اکرم کا اس تاریخی موقع پر کہنا تھا کہ وہ قوم کے دل لاہور کی جانب رواں ہیں جہاں قوم کے پسندیدہ ترین کھیل کے دوسرے جنم کے سب ہی منتظر ہیں۔

کرکٹ ہوا میں تحلیل ہے، اسے محسوس کیا جاسکتا ہے: رمیز راجا

ماضی کے کرکٹر اور مشہور کمنٹیٹر و تجزیہ کار رمیز راجا کا ورلڈ الیون کی آمد پر کہنا تھا کہ کرکٹ ہوا میں تحلیل ہے اسے محسوس کیا جاسکتا ہے۔

پاکستان کو پکارتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’کیا قوم میدانوں میں واپس لوٹنے اور شور مچانے کے لیے تیار ہے‘۔

تاریخ رقم کرنے میں میرا ساتھ دیں: وقار یونس

فاسٹ بولر، پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ وقار یونس نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ’لاہور کی جانب رواں دواں ہوں، 8 سال پہلے سلسلہ جہاں ٹُوٹا تھا وہیں سے جوڑوں گا، میرے ساتھ آئیں اور تاریخ رقم کریں‘۔

مجھے یقین ہے آپ کو پاکستان کی مہمان نوازی پسند آئے گی: محمد حفیظ

بین الاقوامی کھلاڑیوں کا پرجوش استقبال کرتے ہوئے کرکٹر محمد حفیظ نے کہا کہ ہمیں آپ کی میزبانی پر بے حد خوشی ہے، مجھے یقین ہے آپ کو پاکستان کی مہمان نوازی پسند آئے گی‘۔

خالی میدان پھر آباد ہوں گے: جنید خان

جنید خان نے کرکٹ اسٹارز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے خالی میدانوں کے دوبارہ بحال ہونے کی امید ظاہر کی۔

پاکستان کرکٹ کی بحالی کے لیے تیار ہوجائے: کامران اکمل

وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے بھی انٹرنیشنل کھلاڑیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

کرکٹ کی واپسی کیلئے کھلاڑیوں اور حکام کا شکریہ: اظہر محمود

اظہر محمود نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں کرکٹ کی وطن واپسی پر کھلاڑیوں اور حکام کا شکریہ ادا کیا۔

اس تاریخی موقع پر ہر کوئی پرجوش ہے: عمر اکمل

کرکٹر عمر اکمل کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ہونے والے پیغام میں کہا گیا کہ ’وہ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی پر انتہائی پرجوش ہیں‘ اور نہ صرف وہ بلکہ اس تاریخی موقع پر ہر کوئی پرجوش ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں