معین کی جارحانہ سنچری، تیسرا ون ڈے انگلینڈ کے نام

25 ستمبر 2017
معین علی سنچری کی تکمیل پر شائقین کی داد کا جواب دیتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی
معین علی سنچری کی تکمیل پر شائقین کی داد کا جواب دیتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ نے معین علی کی جارحانہ سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز کو تیسرے ون ڈے میچ میں 124 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔

برسٹل میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل غلط ثابت ہوا۔

انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 369 رنز بنائے، جو روٹ 84 اور بین اسٹوکس 73 رنز بنانے میں کامیاب رہے لیکن اننگز کی خاص بات معین علی کی جارحانہ سنچری تھی۔

معین نے ساتویں نمبر پر آ کر صرف 57 گیندوں پر سات چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے 102 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے میگوئل کمنز تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ جیسن ہولڈر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں کرس گیل کے سوا کوئی بھی ویسٹ انڈین بلے باز لیام پلنکٹ کی تباہ کن باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکا۔

کرس گیل ایک مرتبہ پھر اپنی سابقہ روایتی فارم میں نظر آئے اور 78 گیندوں پر نو چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 94 رنز بنائے لیکن بدقسمتی سے رن آؤٹ کے نتیجے میں ان کی اننگز اختتام پذیر ہوئی۔

اس کے علاوہ جیسن محمد 38 اور جیسن ہولڈر 34 رنز بنا کر دیگر نمایاں بلے باز رہے اور پوری ٹیم 40ویں اوور کی پہلی گیند پر 245 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے لیام پلنکٹ نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ عادل راشد تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

تبصرے (0) بند ہیں