بھارتی ٹی وی کا متنازع ڈرامہ شروع کرنے کا فیصلہ

25 ستمبر 2017
اس بار ڈرامے میں دلہن کو 30 سال کا دکھایا جائے گا—اسکرین شاٹ
اس بار ڈرامے میں دلہن کو 30 سال کا دکھایا جائے گا—اسکرین شاٹ

بھارت کے معروف ٹی وی چینل ’سونی‘ نے گزشتہ ماہ اگست میں حکومتی دباؤ پر بند کیا جانے والا متنازع ڈرامہ ’پہریدار پیا کی‘ تھوڑی بہت تبدیلیوں کے ساتھ ایک بار پھر نشر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

خبریں ہیں کہ انٹرٹینمنٹ چینل سونی اپنے اس متنازع ڈرامے کا دوسرا سیزن شروع کرنے جا رہا ہے، جس میں پہلے سیزن کے مقابلے مرکزی اداکاروں میں کچھ تبدیلیاں کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ متنازع ڈرامہ ’پہریدار پیا کی‘ کو سونی ٹی وی نے 29 اگست کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس ڈرامے میں ایک 18 سالہ لڑکی کو 10 سالہ لڑکے کی دلہن کے طور پر دکھایا گیا تھا، جو گھریلو ذمہ داریوں سمیت اپنے چھوٹے شوہر کی حفاظت بھی کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومتی دباؤ پر بھارتی ٹی وی نے متنازع ڈرامہ بند کردیا

ڈرامے کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے بعد بھارت کی انفارمیشن اینڈ براڈ کاسٹنگ (آئی بی) کی وزیر سمرتا ایرانی کے دباؤ پر سونی ٹی وی نے ’پہریدار پیا کی‘ نشریات بند کردی تھی۔

لیکن اب خبریں ہیں کہ سونی ٹی وی اسی متنازع ڈرامے میں تھوڑی بہت تبدیلیاں کرنے کے بعد اسے دوبارہ شروع کرنے جا رہی ہے۔

انڈین ایکسپریس نے اپنی خبر میں بتایا کہ ’پہریدار پیا کی 2‘ میں دلہن 18 برس کے بجائے 30 سال کی ہوگی، جب کہ اس کا دولہا 20 برس کا ہوگا۔

ڈرامے کے نئے سیزن میں بھی دولہا اور دلہن کی عمر میں 10 سال کا فرق رکھا گیا ہے، جس وجہ سے خیال کیا جا رہا ہے کہ اس سیزن کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

خبر کے مطابق ڈرامے کے دوسرے سیزن میں دلہن کا کردار پہلے سیزن کی ہیروئن ’تیجاسوی پرکاش‘ نبھائیں گی، مگر اس بار ان کے دولہے کا کردار دوسرا لڑکا ادا کرے گا۔

مزید پڑھیں: ڈراموں میں ’ریپ‘ کی رومانوی منظر کشی کیوں؟

’پہریدار پیا کی 2‘ میں روہت سشانتی مرکزی کردار ادا کریں گے۔

روہت سشانتی نے مرکزی کردار کے لیے آڈیشن کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں ابھی تک یہ نہیں بتایا گیا کہ وہ کردار کے لیے فائنل ہوچکے ہیں یا نہیں؟

ڈرامے کی کہانی میں بھی تھوڑی سی تبدیلی کی گئی ہے، اس بار 20 سالہ دولہا بیرون ملک سے اپنی تعلیم مکمل کرکے جیسے ہی ہندوستان پہنچتا ہے تو اس کی شادی 30 سالہ خاتون سے کرادی جاتی ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’پہریدار پیا کی 2‘ کو کب تک نشر کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں