سری نگر: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے شمالی علاقے ہاجن میں ہونے والی جھڑپ کے دوران بھارتی فضائیہ کے 2 کمانڈو اور 2 مشتبہ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ایک بھارتی پولیس افسر نے دعویٰ کیا کہ جھڑپ کا آغاز اس وقت ہوا جب بھارتی فورسز نے عسکریت پسندوں کی تلاش میں ہاجن کے علاقے کا محاصرہ کیا۔

انہوں نے بتایا، 'یہ ایک مشکل آپریشن تھا، جس کے نتیجے میں 2 عسکریت پسند جبکہ انڈین ایئرفورس کے 2 کمانڈوز بھی ہلاک ہوگئے'۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر:بھارتی فورسز کی کارروائی، 4 نوجوان ہلاک

یہ ہلاکتیں ایک ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب 2 روز قبل بھارتی فورسز نے جھڑپ کے دوران کالعدم تنظیم جیش محمد کے اہم کمانڈر خالد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

بھارتی پولیس کے مطابق ’خالد انتہائی مطلوب عسکریت پسند اور جیش محمد کا چیف آپریشنل کمانڈر تھا'، جس پر مقبوضہ کشمیر میں متعدد خودکش حملوں میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر:بھارتی فورسز کا جیش محمد کے’مطلوب‘کمانڈر کی ہلاکت کا دعویٰ

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تقریباً 5 لاکھ فوجی اہلکار تعینات ہیں جنہوں نے علیحدگی پسندوں کے خلاف رواں سال آپریشن ’آل آؤٹ‘ کا آغاز کیا۔

پولیس کے مطابق آپریشن میں اب تک 160 سے زائد علیحدگی پسند اور 59 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔

گزشتہ روز بھی کشمیر کے جنوبی علاقے میں واقع گاؤں کیلر میں بھارتی فوج کی جانب سے کی گئی مختلف کارروائیوں میں جھڑپوں کے دوران ایک فوجی اہلکار کے علاوہ 4 نوجوان ہلاک ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں