یہ سستا ڈوئل کیمرہ فون لینا پسند کریں گے؟

11 اکتوبر 2017
— فوٹو بشکریہ ہیواوے
— فوٹو بشکریہ ہیواوے

چینی کمپنی ہیواوے نے اپنا ایک اور سستا ڈوئل کیمرہ فون آنر 7 ایکس متعارف کرا دیا ہے۔

یہ گزشتہ سال کے آنر سکس ایکس کا جانشین ہے اور پہلے کے مقابلے سے زیادہ بہتر ہے۔

دیکھنے میں سکس ایکس سے ملتا جلتا آنر سیون ایکس میٹل یونی باڈی میں دستیاب ہوگا جس میں 5.93 انچ کا فل ایچ ڈی ڈسپلے دیا جائے گا، جبکہ اس میں پہلے کے مقابلے میں کم بیزل دیئے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں : 2 کیمروں والے بہترین اسمارٹ فون

اس فون میں ہیواوے کا اپنا کیرین 659 پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ یہ فور جی بی ریم اور 32، 64 اور 128 جی بی اسٹوریج کے ساتھ صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

اس فون میں کمپنی کے ایموشن یو آئی 5.1 آپریٹنگ سسٹم کو اینڈرائیڈ نوگیٹ کے ساتھ ملا کر دیا جائے گا۔

اس فون میں بھی آنر سکس ایکس کی طرح ڈوئل سم آپشن دیا گیا ہے تاہم اسٹوریج بڑھانے کے لیے میموری کارڈ سلاٹ موجود نہیں، تو ڈوئل سم میں سے ایک کانے کو اس مقصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

جہاں تک کیمروں کی بات ہے تو اس کے بیک پر 16 میگا پکسل اور 2 میگا پکسل کیمروں کو ایل ای ڈی فلیش کے ساتھ دیا گیا ہے اور کمپنی کے مطابق یہ پہلے کے مقابلے سے زیادہ بہتر تصاویر لینے میں مدد دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : ہیواوے دنیا کی دوسری بڑی اسمارٹ فون کمپنی بن گئی

فون کے فرنٹ پر 8 میگا پکسل کا سیلفی کیمرہ موجود ہے جبکہ فنگرپرنٹ اسکینر بھی دیا گیا ہے۔

3340 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ یہ فون فی الحال صرف چین میں اگلے ہفتے سے 1299 یوآن (لگ بھگ 21 ہزار پاکستانی روپے) میں دستیاب ہوگا۔

تاہم توقع ہے کہ یہ رواں سال کے آخر یا 2018 کے شروع میں پاکستان میں بھی فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں