پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کا ایک سرکاری اسکول برطانوی ایوارڈ اپنے نام کروانے میں کامیاب ہوگیا۔

ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہر گوجرہ کے علاقے چک 338-جے بی، نوان میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول واقع ہے، جسے مقامی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے برطانوی کونسل کا انٹرنیشنل اسکول ایوارڈ (آئی ایس اے) دیا گیا۔

اس اسکول میں طلبہ کو ثقافتی کھیل، مٹکے بنانا، مختلف زبانیں، کاریگری وغیرہ سکھائی جاتی ہے۔

یہ تمام مہارت برطانوی کونسل انٹرنیشنل کے ساتھ مشترکہ ممالک بنگلہ دیش، افغانستان، لبنان، ہندوستان، سری لنکا اور نیپال میں اسکائپ کے ذریعے دکھائی گئیں۔

اسکول کی پرنسپل سعدیہ خالد کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کا اسکول 2015 میں برٹش کونسل انٹرنیشنل کا شراکت دار بنا، جس کے بعد یہاں ہونے والی سرگرمیوں سے اساتذہ اور طلبہ کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایوارڈ ملنا ان کے اسکول کے لیے فخر کا موقع ہے، اور برٹش کونسل جلد اس ایوارڈ کو وصول کرنے کے لیے اسکول کو مدعو کرے گا۔


یہ خبر 14 اکتوبر 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں