وفاقی وزیر داخلہ، منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہاہے کہ اقتصادی شعبے میں اصلاحات کے نتیجے میں میکرواکنامک شعبے میں شاندار ترقی ہوئی ہے اوران اقدامات کے نتیجے میں بڑھوتری کی شرح 5.3 فیصد سالانہ ہوگئی ہے جبکہ توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے قومی گرڈ میں 10 ہزار میگاواٹ بجلی کااضافہ ہوگا اور آئندہ چند ماہ میں توانائی بحران اوربجلی کی لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔

اے پی پی پی کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارت خانے میں منعقدہ فورم سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے گزشتہ چار برسوں میں پاکستان کی اقتصادی اورسلامتی کے شعبے میں کامیابیوں پر روشنی ڈالی اورکہا کہ معیشت کی بحالی اورتوانائی بحران کے حل کے لیے سنجیدہ کوششوں کے نتیجے میں قومی گرڈ میں 10ہزار میگاواٹ بجلی شامل ہورہی ہے جس سے ملک میں توانائی بحران اوربجلی کی لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا جس سے معیشت نموپذیر ہوگی اوراقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوجائے گا۔

انھوں نے کہاکہ اقتصادی شعبے میں اصلاحات کے نتیجے میں میکرواکنامک کے شعبے میں شاندار ترقی ہوئی ہے اوران اقدامات کے نتیجے میں بڑھوتری کی شرح 5.3 فیصد سالانہ ہوگئی ہے، پاک چین اقتصادی راہداری سمیت کئی ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے جن کی تکمیل سے آئندہ چند برسوں میں ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے مواقع بڑھ جائیں گے۔

وزیرداخلہ نے کہاکہ قبائلی علاقہ جات اورملک کے دیگر حصوں میں قوم کے بھرپور عزم اور سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں ملک میں امن وامان کی صورت حال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

احسن اقبال نے تعلیم، خواتین کو بااختیاربنانے، صحت عامہ ، اورغربت میں کمی کے لیے حکومتی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی اور پاک-یوایس نالج کوریڈور کو آگے بڑھانے میں امریکی معاونت کی اہمیت کواجاگرکیا۔

پاک-امریکا تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے اس امید کااظہارکیا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے تزویراتی شراکت دار ہونے کے ناطے دونوں ممالک مستقبل میں مل کر کام کریں گے۔

امریکا میں پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے امریکا میں پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کی ضرورت پرزور دیا اور کہاکہ وزیرداخلہ نے تفصیلی انداز میں پاکستان کا موقف پیش کیا ہے۔

فورم میں امریکی محکمہ خارجہ کے عہدیداروں، ماہرین تعلیم اورامریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اراکین نے شرکت کی۔

تبصرے (0) بند ہیں