سال رواں پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے کچھ اچھا نہیں رہا، جنوری سے لے کر اکتوبر تک کل 17 پاکستانی فلمیں ریلیز ہوئیں ، جن میں سے صرف مہر النسا وی لب یو، میں پنجاب نہیں جاوں گی اور نامعلوم افراد-2 کامیاب قرار پائیں۔

2017 کی نمایاں فلاپ فلموں میں ساحر لودھی کی راستہ، شان ، ہمایوں سعید کی یلغار، عثمان خالد بٹ کی بلو ماہی، چلے تھے ساتھ، جیو سر اٹھا کے اور سید نور کی چین آئے نہ شامل ہیں۔

کامیاب ہونے والی 3 فلموں کے حوالے سے اہم بات یہ ہے کہ تینوں ہی فلمیں عید الفطر اور عید الاضحیٰ پر ریلیز ہوئی تھیں، جس سے یہ تاثر قوی ہوتا جارہا ہے کہ پاکستان میں صرف وہی فلمیں کامیاب ہوتی ہیں جو عیدین پر نمائش کے لیے پیش کی جائیں۔

2017 کے دوماہ باقی ہیں، ماہ نومبر اور دسمبر میں بھی فلمیں ریلیز ہونے جا رہی ہیں، جن کے کامیاب ہونے کی پیشن گوئی کی جارہی ہے۔

1- رنگریزہ

رنگریزہ فلم کی عمدہ پروموشن اور مارکیٹنگ باعث اس فلم کو اگر اس برس کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلم کہا جائے تو بے جا نہیں ہوگا۔

فلم کے گیت پہلے سے سوشل میڈیا پر مقبولیت کے ریکارڈ قائم کرچکے ہیں۔

عروہ حسین، بلال اشرف اور گوہر رشید کی اداکاری اور عامر محی الدین کی ہدایتکاری میں بننے والی اس ہیوی بجٹ فلم سے انڈسٹری کو بہت امیدیں وابستہ ہیں۔

2- ارتھ -2

1982 میں ریلیز ہونے والی مہیش بھٹ کی فلم ارتھ کا پاکستانی ری میک ہے، جسے فلم اسٹار شان بنارہے ہیں۔

فلم کا ٹیزر بہت عمدہ ہے، کاسٹ میں شان، حمائمہ ملک، محب مرزا اور عظمیٰ حسن شامل ہیں۔ فلم 21دسمبرکو ریلیز ہونے جارہی ہے۔

3- چھپن چھپائی

چھپن چھپائی معروف ادکارہ نیلم منیر، طلعت حسین، جاوید شیخ اور فلم اسٹار احسن خان کی دسمبر میں ریلیز ہونے والی کامیڈی فلم ہے۔

فلم اغوا برائے تاوان کی ایک واردات کے بارے میں ہے۔ فلم کے ہدایتکارمحسن علی ہیں اور یہ ان کی پہلی فلم ہے۔

4- ورنہ

شعیب منصور پاکستانی فلم و ٹی وی انڈسٹری کا ایک بہت بڑا نام ہیں، چار سال کے بعد ان کی واپسی ہوئی ہے اور نومبر میں ان کی فلم ورنہ ریلیز ہو رہی ہے۔

فلم ایک سوشل المیہ پر مبنی ہے،جس کے ٹیزر اور ٹریلر پہلے سے ہی عوام میں مقبول ہو رہے ہیں۔

ماہرہ خان کی اداکاری نے اس فلم کو رواں برس کی سب سے اہم فلموں میں شامل کر دیا ہے۔

5- عارفہ

عارفہ اس برس ریلیز ہونے والی فلموں میں سے سب سے کم بجٹ کی حامل فلم ہے،جس کی کاسٹ میں سکینہ خان، متھیرا، تقی احمد اور اکبر سبحانی شامل ہیں۔

فلم اسی کی دہائی کے ایک سانحے پر بنائی گئی ہے، اداکار اکبر سبحانی نے ایک حالیہ انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ فلم عارفہ اپنی جاندار کہانی اور مکالموں کے باعث اس برس کی سب سے حیران کر دینے والی فلم ثابت ہوگی۔

ابوعلیحہ اس فلم کے لکھاری اور ہدایتکار ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Ayaz ali Oct 19, 2017 05:16pm
FilmArifa Inshahallah ek hit film sabit hogi.....Humari Naik Duain Sir Abu Aleeha k sath hain. . .Allah pak kamiyab karen.Ameen ❤