احسن خان بھی ماورا حسین کے ڈرامے میں کاسٹ

25 اکتوبر 2017
احسن خان نے اپنا اگلا ڈرامہ سائن کرلیا، جس کی ہدایات محمد احتشام دے رہے ہیں —۔
احسن خان نے اپنا اگلا ڈرامہ سائن کرلیا، جس کی ہدایات محمد احتشام دے رہے ہیں —۔

پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری کے اداکار احسن خان طویل عرصے سے اپنے کیریئر میں بہت تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، اور ایسا محسوس ہورہا ہے کہ ان کا مقصد ابھی اور آگے جانے کا ہے۔

احسن خان نے اپنا اگلا ڈرامہ سائن کرلیا، جس کی ہدایات محمد احتشام دے رہے ہیں۔

یہ وہی ڈرامہ ہے جس کی کہانی تقسیم کے دور پر مبنی ہے، اور ماورا حسین اس میں اہم کردار ادا کرنے جارہی ہیں۔

مزید پڑھیں: ماورا حسین کا نیا ڈرامہ تقسیم کے دور پر مبنی

رپورٹس کے مطابق یہ ڈرامہ خدیجہ مستور کے ایوارڈ یافتہ ناول پر مبنی ہے، جس کا نام ’آنگن‘ ہے۔

ایسی قیاس آرائیاں بھی ظاہر کی جارہی ہیں کہ اس ڈرامے میں احد رضا میر اور سجل علی بھی کام کرتے نظر آئیں گے۔

اس حوالے سے ڈان سے بات کرتے ہوئے احسن خان کا کہنا تھا کہ ’مجھے اس بارے میں کچھ بھی معلوم نہیں، میں نے اسکرپٹ پڑھنے کے بعد پروجیکٹ سائن کیا، اور اس کی ایک وجہ احتشام ہیں، مجھے دیگر کاسٹ کے بارے میں نہیں معلوم، ماورا حسین کا بھی مجھے خبروں سے معلوم ہوا‘۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ بھی اڈاری میں احسن خان کے کام کا معترف

انہوں نے مزید کہا کہ ’جو بات میں جانتا ہوں وہ یہ کہ اس ڈرامے کی کہانی کسی ایک ہیرو یا ہیروئن پر مبنی نہیں، اس میں متعدد کردار ہوں گے، کیوں کہ 6 سے 8 لوگوں کے گرد یہ کہانی گھومتی ہے، اور ہر کسی کا اپنا اہم کردار ہوگا‘۔

خیال رہے کہ احسن خان اور محمد احتشام نے ایک ساتھ مل کر ہم ٹی وی کے کامیاب ڈرامے ’اڈاری‘ میں کام کیا تھا، جس میں احسن خان نے ولن کا کردار ادا کیا۔

’اڈاری‘ کے اتنے عرصے بعد کسی ڈرامے کو سائن کرنے کے حوالے سے احسن خان کا کہنا تھا کہ ’اب مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مجھے خود کو ہر کسی کے ساتھ جوڑنے کی ضرورت نہیں، اور نہ ہی ہر پروجیکٹ سائن کرنے کی ضرورت ہے، ایک ایسا دور تھا لیکن اب نہیں، گزشتہ دو سالوں سے میں ڈراموں کا انتخاب سوچ سمجھ کر کرتا ہوں، اور وہ کردار کرنے پر فوکس کررہا ہوں جو مجھے چیلنج کریں، بھلے میں کام کم کررہا ہوں، لیکن میں اس سے مطمئن ہوں‘۔

یہ بھی پڑھیں: ہندوستان میں پاکستانی 'داستان' کا چرچا

’آنگن‘ ڈرامے کی کہانی کے حوالے سے احسن خان نے بتایا کہ ’میرے خیال سے اس طرح کے ڈرامے جو پُرانی کہانیوں پر مبنی ہوں وہ سب سے خوبصورت ہوتے ہیں، ’داستان‘ آج بھی میرا پسندیدہ ڈرامہ ہے، یہ نہ تو بولی وڈ سے متاثر تھا اور نہ ہی ہولی وڈ سے نقل کیا گیا، نہ ایسے ڈراموں میں ساس بہو کے جھگڑے دکھائے گئے‘۔

کیا ’آنگن‘ ڈرامے میں ’اڈاری‘ کی طرح کوئی سماجی مسئلہ پیش کیا جائے گا؟ بالکل نہیں۔

اس سوال پر احسن خان کا کہنا تھا کہ ’ضروری نہیں ہر ڈرامہ سماجی مسائل پر مبنی ہو، ایسے ڈرامے بھی بنائے جاتے ہیں جو شائقین کو صرف محظوظ کرسکیں‘۔

اس ڈرامے کی شوٹنگ کا جلد آغاز کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں