جسمانی فٹنس کے حصول کا آسان نسخہ

07 نومبر 2017
یہ بات اسکاٹ لینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات اسکاٹ لینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو

کیا آپ ہر عمر میں جسمانی طور پر فٹ رہنا چاہتے ہیں، مگر ورزش نہیں کرتے ؟ تو کوئی مسئلہ نہیں 40 سیکنڈ کے لیے تیزی سے سیڑھیاں چڑھنا اپنا معمول بنالیں۔

یہ بات اسکاٹ لینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

اسٹرلنگ یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق ہفتے میں تین بار 40 سیکنڈ کے لیے تیز رفتاری سے سیڑھیاں یا کوئی چڑھائی چڑھنا جسمانی طور پر فٹ بنانے کے لیے کافی ثابت ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں : کیا آپ یہ 10 فٹنس ٹیسٹ پاس کرسکتے ہیں؟

تحقیق میں بتایا گیا کہ اسی طرح ہفتے میں صرف دس منٹ کی چہل قدمی، جس میں دو بار بیس، بیس سیکنڈ تک پوری رفتاری سے دوڑنا بھی ہر وقت بیٹھ کر گزارنے والے شخص کو 12 فیصد زیادہ فٹ بنا سکتا ہے۔

تحقیق کے دوران 400 سے زائد افرادپر ہونے والی 38 طبی رپورٹس کا جائزہ لیا گیا۔

محققین کا کہنا تھا کہ جسمانی فٹنس کے لیے بہت زیادہ محنت کی ضرورت نہیں اور ہفتے میں تین بار چالیس سیکنڈ کی ورزش ہی کافی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر اس دورانیے میں مزید اضافہ یا بیس سیکنڈ کے اضافی سیشن کو بھی عادت بنالیں تو جسمانی فٹنس کی سطح مزید بہتر ہوجاتی ہے۔

ان کا تو کہنا تھا کہ دفتر کی سیڑھیاں بھی تیزرفتاری سے چڑھنا درحقیقت جسمانی فٹنس کے حصول کا آسان ذریعہ ہے، خاص طور پر اگر اسے معمول بنالیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آٹھ گھنٹے تک دفتر میں گزارنے اور پھر طویل فاصلہ طے کرکے گھر واپسی کے بعد جم جانے بہت مشکل لگتا ہے اور ہر ایک کے لیے ممکن بھی نہیں ہوتا مگر یہ کم دورانیے کی جسمانی سرگرمی اس حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : جسمانی فٹنس اور امراض سے بچنا چاہتے ہیں؟

تحقیق کے مطابق آپ اس مختصر جسمانی سرگرمی کو جتنا بڑھائیں گے، جسمانی فٹنس میں پانچ فیصد بہتری آتی چلی جائے گی۔

یہ تحقیق طبی جریدے جرنل میڈیسین اینڈ سائنس ان اسپورٹس اینڈ ایکسائز میں شائع ہوئی۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں