ٹی وی کو زیادہ دیر تک دیکھنا ہوسکتا ہے جان لیوا

13 نومبر 2017
یہ دعویٰ کینیڈا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ دعویٰ کینیڈا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا— شٹر اسٹاک فوٹو

کیا آپ کو ٹی وی ڈرامے دیکھنا پسند ہے ؟ یا ہر وقت خبریں دیکھ کر وقت گزارتے ہیں؟ اگر ہاں تو اس عادت کو چھوڑ دینا ہی آپ کے لیے بہتر ثابت ہوگا۔

یہ دعویٰ کینیڈا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

ورمونٹ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ اپنا زیادہ وقت ٹیلیویژن دیکھتے ہوئے یا بیٹھ کر گزارنا خون کے جمنے یا لوتھڑے بننے کا خطرہ دوگنا بڑھا دیتا ہے۔

مزید پڑھیں : بہت زیادہ ٹی وی دیکھنا جلد بڑھاپے کا باعث؟

اور یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ ہاتھوں، پیروں اور پھیپھڑوں سمیت دیگر اعضاءکی رگوں میں خون کا لوتھڑا بننا فالج اور ہارٹ اٹیک جیسے جان لیوا امراض کا خطرہ بڑھا دیتا ہے۔

تحقیق میں یہ انکشاف بھی کیا گیا کہ جسمانی طور پر سرگرم رہنے کے باوجود اگر لوگ بہت زیادہ ٹی وی دیکھتے ہیں، تو بھی ان میں یہ خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق صرف ٹی وی دیکھنا اتنا نقصان دہ نہیں، بلکہ اس دوران طویل دورانیے تک بیٹھنا اور اسنیکس درحقیقت صحت کے لیے خطرہ بڑھاتے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں : ٹی وی دیکھنا بن سکتا ہے کینسر کا باعث، تحقیق

تحقیق کے مطابق جو لوگ اکثر ٹی وی کے سامنے ہی بیٹھے ہوئے نظر آتے ہیں، ان میں خون کے لوتھڑے بننے کا خطرہ اسکرین کے سامنے کم وقت گزارنے والے افراد کے مقابلے میں دوگنا زیادہ ہوتا ہے۔

محققین نے خبردار کیا کہ اگر آپ ورزش کرکے سمجھتے ہیں کہ اب زیادہ وقت ٹی وی کے سامنے بیٹھ کر گزارنا نقصان دہ نہیں، تو یہ غلط فہمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنا وقت زندگی کو صحت مند بنانے کے لیے صرف کرنا چاہئے۔

اس سے قبل مختلف طبی تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آچکی ہے کہ بہت زیادہ دیر تک ٹی وی دیکھنا ذیابیطس اور بانجھ پن کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں