معروف برطانوی فیشن و شوبز میگزین ’بازار‘ نے رواں برس اپنی 150 ویں سالگرہ کے موقع پر برطانیہ بھر کی 150 بااثر ترین خواتین کی فہرست شائع کی۔

حیران کن طور پر اس فہرست میں برطانیہ کی 150 بااثر اور متاثر کن خواتین میں پاکستانی نژاد نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کا نام بھی شامل ہے۔

’بازار‘ میگزین نے یہ فہرست رواں ماہ 15 نومبر کو شائع کی، جس میں اس نے آرٹس، فیشن، خوبصورتی، سیاحت، کاروبار، سائنس اور اوپینین سمیت دیگر شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی خواتین کو شامل کیا۔

مزید پڑھیں: ملالہ یوسف زئی کے لیے عالمی اعزاز

اس فہرست کو شائع کرتے ہوئے میگزین نے لکھا کہ برطانیہ کی مذکورہ 150 خواتین اعلیٰ سوچ اور متاثر کن شخصیت کی وجہ سے لاکھوں لوگوں کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں۔

فیشن میگزین نے پاکستانی نژاد اور امن کا نوبل انعام جیتنے والی دنیا کی کم عمر ترین خاتون کا اعزاز رکھنے والی ملالہ یوسف زئی کا نام ’اوپینین‘ کی فہرست میں شائع کیا۔

اس فہرست میں ملالہ یوسف زئی کے علاوہ انسانی حقوق کی کارکن اور اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر ایمل کلونی، اداکارہ ایما واٹسن اور معروف فنٹیسی ناول ’ہیری پورٹر‘ کی مصنفہ جے کے رولنگ بھی شامل ہیں۔

میگزین نے ملالہ یوسف زئی کو پاکستانی نژاد کے طور پر متعارف کراتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے لبنان میں شامی مہاجر بچوں کے لیے اسکول کھولے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی لڑکی دنیا کی 100 متاثرکن خواتین میں شامل

بازار کی مکمل فہرست میں ڈچز آف کیمبرج کیٹ مڈلٹن، وکٹوریہ بیکھم، ادکارہ کیٹ ونسلیٹ، مسلم صحافی مشال حسین، جینا ملر، نکولا اسٹروجن اور اداکارہ سلمیٰ ہائیک سمیت معروف عالمی خواتین شامل ہیں۔

خیال رہے کہ ملالہ یوسف زئی نے حال ہی میں برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں سیاست، فلسفے اور اکنامکس کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے داخلہ لیا تھا، وہ اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر برائے امن بھی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں