اسلام آباد: فیض آباد آپریشن کے باعث ملک بھر کے نیوز چینلز کی نشریات دوسرے روز بھی معطل رہیں جبکہ سوشل میڈیا سائٹس کو بھی تاحال بحال نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم پر واقع فیض آباد کے مقام پر مذہبی جماعتوں کے دھرنے کو ختم کرنے کے لیے سیکیورٹی اداروں کی جانب سے آپریشن کیا گیا تھا، جس کے بعد پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا) کی جانب سے تمام نجی نیوز چینلز کو فیض آباد آپریشن بالخصوص سیکیورٹی اداروں کی حکمت عملی کی لائیو کوریج سے روکنے کا نوٹس جاری کیا گیا جس کے بعد تمام نیوز چینل کی نشریات کو معطل کردیا گیا۔

نیوز چینلز کی نشریات کی بحالی کے حوالے سے ترجمان پیمرا کا کہنا تھا کہ نشریات کی بحالی سے متعلق وزارت داخلہ کی جانب سے مزید ہدایات آنے کا انتظار ہے، تب تک نشریات کی معطلی کا کوئی وقت متعین نہیں اور نہ کوئی مقرر مدت سے آگاہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزارت داخلہ کی ہدایت پر پی ٹی اے نے سوشل میڈیا کی سائٹس فیس بک، ٹوئٹر، یوٹیوب اور ڈیلی موشن کو بند کردیا۔

پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کی سائٹس کو امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر وزارت داخلہ کے احکامات پر ملک بھر میں بلاک کیا گیا ہے جبکہ فیض آباد اور اس کے گردونواح میں انٹرنیٹ کی سروس بھی معطل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے ان ویب سائٹس کو بلاک کرنے کا حکم وزارت داخلہ کی جانب سے دیا گیا تھا، ان سائٹس کی بحالی سے متعلق بھی حکومت کی جانب سے ہدایات ملنے پر انہیں بحال کردیا جائے گا کیونکہ بطور ریگولیٹر پی ٹی اے حکومت کی ہدایات کا پابند ہے۔

ملک بھر میں سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز کی معطلی پر لوگوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔

عوام کا کہنا تھا کہ حکومت امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے کے بجائے ذرائع ابلاغ کو بند کررہی ہے جو کہ شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

ڈان نیوز کی ویب سائٹ بھی بند

حکومت نے نیوز چینل اور سوشل میڈیا کی بندش کے بعد ڈان نیوز کی ویب سائٹ ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی (dawnnews.tv) کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

ڈان نیوز اسکرین شاٹ
ڈان نیوز اسکرین شاٹ

اس سے قبل حکومت نے ڈان نیوز سمیت تمام چینلز نیوز چینلز کی ویب سائٹس پر لائیو اسٹریمنگ کو بند کیا تھا تاہم بعد ازاں ڈان نیوز کی سائٹ کو مکمل طور پر بند کردیا گیا۔

اس بارے میں پی ٹی اے اور وزارت اطلاعات سے رابطہ کیا گیا تاہم ان کی جانب سے واضح جواب دینے سے گریز کیا جارہا ہے۔

اس کے برعکس جیو نیوز، اے آر وائی نیوز، دنیا نیوز، آج نیوز، 92 نیوز سمیت دیگر چینلز کی ویب سائٹ کام کررہی ہیں لیکن ڈان نیوز کی ویب سائٹ مکمل طور پر بند ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں