فلم کو 12 جنوری 2018 کو ریلیز کیا جائے گا—پرومو فوٹو
فلم کو 12 جنوری 2018 کو ریلیز کیا جائے گا—پرومو فوٹو

بولی وڈ میں اسپورٹس پر فلمیں بنانا کوئی نئی بات نہیں، تاہم حالیہ سالوں میں اس رجحان میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

لیکن رجحان میں اضافے کے باوجود فلم ساز انوراگ کشیپ کہتے ہیں کہ بولی وڈ میں اسپورٹس پر مزید فلمیں بنانے کی ضرورت ہے۔

انوراگ کشیپ ان دنوں اپنی آنے والی اسپورٹس رومانٹک فلم ’مکاباز‘ کی شوٹنگ کے مصروف ہیں، جو آخری مراحل میں ہے۔

’مکاباز‘ بھارتی ریاست اترپردیش کے باکسر شرون سنگھ کی زندگی پر بننے والی فلم ہے، جسے آئندہ برس جنوری میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رنویر سنگھ کی اسپورٹس فلم

’مکاباز‘ ہے تو اسپورٹس فلم ، مگر اس میں رومانس اور سیاست کے کھیل کو بھی دکھایا گیا ہے۔

شرون سنگھ کا کردار نوجوان اداکار ونیت کمار سنگھ نبھاتے نظر آئیں گے، جسے فلم میں ایک برہمن ہندو گھرانے کی لڑکی سے پیار ہوجاتا ہے۔

خیال رہے کہ ہندوؤں میں برہمن قبیلے سے تعلق رکھنے والوں کو اعلیٰ ماناجاتا ہے، جب کہ فلم میں باکسر کا کردار نبھانے والے ونیت کمار سنگھ نیچ یا غریب ذات سے تعلق رکھنے والے ہندو ہوتے ہیں۔

فلم کے جاری کیے گئے پہلے ٹریلر میں جہاں باکسنگ کو دکھایا گیا ہے، وہیں نچلی ذات کے باکسر کو اعلیٰ ہندو گھرانے کی لڑکی سے پیار کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: اسپورٹس فلم ’بیٹل آف سیکسز‘

باکسنگ، پیار، حیثیت کی اونچ نیچ اور سیاست کے گرد گھومتی اس فلم کی ہیروئن کا کردار نئی اداکارہ زویا حسن نبھاتی نظر آئیں گی۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں روی کسان، سادھنا سنگھ اور جمی شیرگل سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

پروڈیوسر آنند ایل رائے کی اس فلم کی ہدایات انوراگ کشیپ نے دی ہیں، جب کہ وہ فلم کے شریک رائیٹر بھی ہیں۔

فلم کو 12 جنوری 2018 کو ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں