ممبئی: بھارت کے شہر ممبئی میں ایک عمارت کی چھت پر ہونے والے پارٹی میں آتشزدگی کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق مقامی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا کہ ممبئی کے وسطی حصے میں قائم ایک ریسٹورانٹ میں رات گئے لگنے والی آگ اطراف میں قائم دو شراب خانوں تک پھیل گئی جس نے صرف 30 منٹ میں عمارت کو مکمل تباہ کردیا۔

ممبئی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حکام کے مطابق واقعے میں 15 افراد ہلاک ہوئے جن میں بیشتر خواتین شامل ہیں جو ریسٹورانٹ میں ہونے والی پارٹی میں موجود تھیں۔

واقعے کے وقت عمارت میں موجود ایک خاتون نے بتایا کہ آتشزدگی کے بعد ہر جانب افرا تفری پھیل گئی اور لوگوں نے جان بچانے کے لیے باہر نکلنے کا راستہ تلاش کرنا شروع کیا۔

سولبہا ارورا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ ’انہیں انتہائی رش میں کسی نے دھکا دیا‘۔

مزید پڑھیں: بھارت: ہسپتال میں آتشزدگی سے 22 افراد ہلاک

انہوں نے مزید کہا کہ ’لوگ مجھ پر سے گزر رہے تھے اور یہاں تک کے آتشزدگی کا شکار چھت گر گئی، مجھے نہیں معلوم کہ یہاں سے نکلنے میں کون کامیاب ہوا، کچھ طاقتوں نے میری حفاظت کی‘۔

مقامی میڈیا پر نشر ہونے والی ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ریسکیو عملہ عمارت میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہا ہے۔

ممبئی پولیس کے کمشنر نے میڈیا کو بتایا کہ ’واقعے میں اب تک 15 افراد ہلاک ہوچکے ہیں‘، انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

حکام کاکہنا تھا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے ایک درجن افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں دو کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔

خیال رہے کہ متاثرہ عمارت میں متعدد میڈیا ہاؤسسز کے دفاتر موجود تھے جن میں ٹائمز نیٹ ورک کا ٹائمز ناؤ، مرر ناؤ اور ای ٹی ناؤ چینلز شامل ہے۔

بھارتی صدر رام ناتھ کوند نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ہندوستان: مندر میں آتشزدگی سے 110 افراد ہلاک

واضح رہے کہ بھارت میں عمارتوں میں آتشزدگی کے واقعات ایک معمول کی بات ہے اور ہر سال ایسے واقعات کے باعث سیکڑوں جانیں ضائع ہوجاتی ہیں جس کی وجہ ملک میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے غیر مناسب حفاطتی انتظامات ہیں۔

رواں ماہ کے آغاز میں ممبئی میں ایک عمارت میں ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں 12 مزدور ہلاک ہوگئے تھے۔

اس سے قبل ستمبر میں ممبئی کی ایک زیر تعمیر عمارت میں گیس سیلنڈر کا دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں