بولی وڈ کھلاڑی اکشے کمار کی فلم ’پیڈ مین‘ نے ریلیز کے پہلے ہی دن اندازوں سے کم کمائی کرکے اکشے کمار کی فلموں کی کمائی کی روایات کو برقرار رکھا۔

خیال رہے کہ ’پیڈ مین‘ کو گزشتہ روز بھارت سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں ریلیز کیا گیا تھا، تاہم مبینہ طور پر پاکستان میں اس کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

پاکستان کے فلم سینسر بورڈ کی جانب سے ’پیڈ مین‘ کو ریلیز کیے جانے یا اس پر پابندی عائد کیے جانے کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آسکا، تاہم سوشل میڈیا پر صارفین نے الزام عائد کیا کہ اکشے کمار کی فلم کو ریلیز کی اجازت نہیں دی گئی۔

فلم کی کہانی بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر کویمبٹور کے سماجی کارکن اروناچلم مروگناتھم کی جدوجہد کے گرد گھومتی ہے۔

اروناچلم مروگناتھم نے اپنے علاقے میں محدود وسائل اور بے شمار مسائل کے باوجود خواتین کے لیے ماحول دوست سینیٹری پیڈز بنائے، اور انہیں شرمساری سے محفوظ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’پیڈ مین‘ پر پاکستان میں پابندی؟

انہوں نے پیڈز بنانے کے لیے ایک مشین ایجاد کی، جس کے ذریعے ماحول دوست اور سستے پیڈز بناکر خواتین کو فراہم کیے گئے۔

اروناچلم مروگناتھم کو ان کی کاوشوں کے عوض بھارت کے پدما شری ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

اکشے کمار، سونم کپور اور رادھیکا آپٹے کی اس فلم کی ہدایات آر بالکی نے دی ہیں، جب کہ اسے ٹوئنکل کھنہ نے پروڈیوس کیا ہے۔

بولی وڈ تجزیہ نگار ترن آردش نے ٹوئیٹ کی کہ ’پیڈ مین‘ نے ابتدائی دن صرف 10 کروڑ 26 لاکھ روپے کی کمائی کی۔

تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہفتے اور اتوار کے دن فلم کی جانب سے اچھی کمائی کیے جانے کا امکان ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

مزید پڑھیں: پیڈ مین کی تشہیر کی انوکھی مہم

’پیڈ مین‘ کو بھارت بھر کی 2700 سے زائد جب کہ دیگر ممالک کی 600 سے زائد سینما گھروں کی زینت بنایا گیا تھا۔

تجزیہ کاروں کو توقع تھی کہ ’پیڈ مین‘ ابتدائی دن 14 کروڑ روپے سے زائد پیسے بٹور کر اکشے کمار کی 2017 میں ریلیز ہونے والی کامیڈی رومانٹک فلم ’جولی ایل ایل بی 2‘ کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب جائے گی۔

جولی ایل ایل بی 2 نے پہلے ہی دن 13 کروڑ 20 لاکھ روپے کما کر مجموعی طور پر 100 کروڑ روپے سے زائد پیسے بٹورے تھے۔

ان کی 2017 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘ بھی اگرچہ باکس آفس پر کامیاب گئی تھی، تاہم اس نے بھی پہلے دن انتہائی کم کمائی کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں