حال ہی میں سپریم کورٹ نے عامر لیاقت حسین پرٹی وی پر پروگرام کرنے سے متعلق عائد پابندی ختم کرتے ہوئے انہیں پروگرام کرنے کی اجازت دی تھی۔

ابھی اسی اجازت کو ایک ہفتہ ہی ہوا تھا کہ عامر لیاقت حسین نے ایک متنازع ٹوئیٹ کرکے اپنے لیے نئے دشمن پیدا کردیے۔

ہوا کچھ یوں کہ عامر لیاقت حسین کو سابق ٹی وی اینکر ریحام خان کے قدرے بولڈ لباس پر اعتراض ہوا اور انہوں نے ان کے لباس کو تنقید کا نشانہ بناکر ان کے خلاف ٹوئیٹ کر ڈالی۔

عامر لیاقت حسین نے ریحام خان کی ایک تصویر ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ بھارتی چینل کو انٹرویو تو ان کپڑوں میں بھی دیا جاسکتا تھا، کیونکہ بقول ان کے" لوگ انہیں انڈین ایجنٹ سمجھتے ہیں، کیونکہ وہ سچ بولتی ہیں"

یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے پروگرام پر پابندی ختم

عامر لیاقت نے ریحام خان کی جو تصویر شیئر کی، اس میں انہیں قدرے بولڈ لباس پہنا ہوا ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

عامر لیاقت کا اشارہ ریحام خان کی جانب سے رواں ماہ 3 فروری کو بھارتی ٹی وی چینل ’انڈیا ٹی وی‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو کی طرف تھا۔

اس انٹرویو میں ریحام خان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان جتنے عمدہ کھلاڑی ہیں، وہ شادیاں کرنے کے حوالے سے بھی اتنے ہی بڑے کھلاڑی ہیں، تاہم شادیاں کرنے اور شادیاں نبھانے میں بڑا فرق ہے‘۔

انہوں نے اس انٹرویو میں اپنی اور عمران خان کی شادی کو عمران خان کی جانب سے خفیہ رکھنے پر بھی تعجب کا اظہار کیا کہ انہیں آج تک سمجھ نہیں آیا کہ وہ شادی کو خفیہ کیوں رکھنا چاہتے تھے۔

مزید پڑھیں: ریحام خان کے بھارتی ٹی وی کو انٹرویو میں انکشافات

ریحام خان نے بھارتی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں عمران خان کی تیسری شادی سے متعلق بھی بات کی، اور کہا کہ انہیں ذرائع سے خبریں ملی ہیں کہ ان کی شادی ہوچکی ہیں، لیکن وہ یہ سمجھ نہیں پا رہیں کہ پی ٹی آئی چیئرمین اپنی تیسری شادی کو چھپا کیوں رہے ہیں۔

اگرچہ ریحام خان نے بھارتی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو کے دوران پاکستانی ڈزائن کے لباس کا انتخاب کیا، تاہم انہیں عامر لیاقت حسین نے تنقید کا نشانہ بنایا۔

تاہم ریحام خان کے لباس پر تنقید کرنا عامر لیاقت حسین کو مہنگا پڑ گیا، اور ٹوئٹر صارفین نے انہیں کھری کھری سنادیں۔

عامر لیاقت کی جانب سے ریحام خان کی بولڈ تصویر شیئر کرنے اور ان کے لباس پر تنقید کرنے پر لوگوں نے انہیں جارحانہ جوابات دیے، کئی افراد کا کہنا تھا کہ ایسی ہی تصاویر عامر لیاقت کے اہل خانہ کی بھی منظر عام پر آئیں، لیکن وہ ان جیسے نہیں اور ان کی اہلیہ اور بچی کی تصویر شیئر نہیں کرسکتے۔

کئی افراد نے عامر لیاقت کو احساس دلایا کہ دوسروں کے لباس پر تنقید کرنے کے بجائے اپنے اعمال دیکھیں۔

ریحام خان نے 3 فروری کو انڈیا ٹی وی کو انٹرویو دیا تھا—اسکرین شاٹ
ریحام خان نے 3 فروری کو انڈیا ٹی وی کو انٹرویو دیا تھا—اسکرین شاٹ

عائشہ شیخ کے ٹوئٹر ہینڈل سے عامر لیاقت کو کہا گیا کہ جب ان کے اہل خانہ کی تصاویر لیک کی گئیں تھیں، تب انہیں بہت برا لگا تھا، ایسے ہی ریحام خان کی بھی 2 بیٹیاں ہیں، ہوسکتا ہے، انہیں یہ بات ناخوشگوار لگی ہو، تو کیا آپ یہ پوسٹ ڈیلیٹ کرنا پسند کریں گے؟

سبرینا کے ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا کہ ’پھر ہو گئے شروع ۔۔۔ جب پابندی لگی ہوئی تھی تو بڑے اسلامی بنے ہوئے تھے یہ ہی منافقت زہر لگتی ہے‘

ٹوئٹستان کے ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا کہ ’محترم عامر لیاقت صاحب کل کہیے گا مجھے مجبور کیا گیاتھاوگرنہ میں ایسی باتیں نہیں کرتا. اور معافی بھی مانگ لیجیے گا‘۔

جہاں کئی لوگوں نے عامر لیاقت کو تنقید کا نشانہ بنایا، وہیں بعض افراد نے ریحام خان کو بھی ایسا لباس پہننے پر تنقید کا نشانہ بنایا، تاہم ذیادہ تر افراد نے عامر لیاقت کے خلاف ٹوئیٹس کیں۔

تبصرے (0) بند ہیں