کراچی: پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کے آغاز سے قبل ہی پشاور زلمی کی ٹیم مشکلات سے دوچار ہو گئی ہے اور نوجوان فاسٹ باؤلر حسن علی کی انجری کے سبب لیگ کے ابتدائی میچوں میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔

حسن علی گزشتہ ماہ دورہ نیوزی لینڈ کے دوران ٹخنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور انہیں انجری سے صحتیابی کیلئے وقت درکار ہے لہٰذا وہ ممکنہ طور پر لی کے ابتدائی تین سے چار میچوں میں پشاور زلمی کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔

حسن علی کی ممکنہ عدم دستیابی کو دیکھتے ہوئے پشاور زلمی نے ڈومیسٹک کرکٹر عمید آصف کو ان کے متبادل کے طور پر ٹیم کا حصہ بنایا ہے لیکن حسن علی بھی اس دوران تیم کے ساتھ رہیں گے۔

ادھر پشاور زلمی نے اپنی ٹیم میں ایک اور تبدیلی کرتے ہوئے ورلڈ کپ کوالیفائرز کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی خدمات کیلئے جانے ایون لوئس کی جگہ انگلینڈ کے رکی ویسلز کو اسکواڈ میں شامل کر لیا۔

اس کے علاوہ جنوبی افریقہ کے البی مورکل بھی ذاتی وجوہات کے سبب رواں سال پی ایس ایل کا حصہ نہیں ہوں گے اور ان کی جگہ جان ہیسٹنگز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے۔

لاہور قلندرز کو بھی اپنی ٹیم میں تبدیلی کرنا پڑی کیونکہ کندھے کی انجری کے سبب بلاول بھٹی لیگ میں شرکت نہیں کر سکیں گے اور ان کی جگہ آغا سلمان سلمان قلندرز کی ٹیم میں شامل کر لیے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں