جامعہ کراچی (کراچی یونیورسٹی) کا طالب علم احمد شاہ کی تشدد زدہ لاش کراچی کے علاقے اسکاؤٹس کالونی سے بر آمد کرلی گئی۔

پولیس کے مطابق احمد شاہ کی لاش مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں اسکاؤٹس کالونی سے بر آمد کی گئی جس کے بعد اسے ایدھی سرد خانے منتقل کیا گیا۔

مقتول کے دوست سمیع اللہ نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول احمد شاہ جامعہ کراچی میں زولوجی ڈپارٹمنٹ میں ایم ایس سی فائنل ایئر کا طالب علم تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ احمد شاہ اور ان کا تعلق باجوڑ ایجنسی کے ایک ہی قبیلے سے تھا۔

انہوں نے بتایا کہ احمد شاہ اپنے دوستوں کے ہمراہ سہراب گوٹھ کے قریب واقع اسکاؤٹس کالونی میں رہائش پذیر تھے۔

سمیع اللہ کا کہنا تھا کہ احمد شاہ جامعہ کراچی میں تعلیم حاصل کرنے کے علاوہ سہراب گوٹھ پر کھلونوں کی دکان لگاتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ جمعے کی رات کو احمد شاہ کام کے بعد گھر واپس نہیں آئے، جس کے اگلے روز انہوں نے اس کی گمشدگی کی پولیس کو اطلاع دی تاہم پولیس نے رپورٹ درج کرنے سے انکار کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: ’اغوا، ریپ اور قتل کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے‘

انہوں نے مزید کہا کہ آج دوبارہ جب وہ اور ان کے دوست تھانے پہنچے تو پولیس نے انہیں اطلاع دی کہ ایک نوجوان کی تشدد زدہ لاش اسکاؤٹس کالونی سے بر آمد کی گئی ہے جس کے بعد انہوں نے ایدھی سرد خانے میں احمد شاہ کی شناخت کی۔

مقتول کے دوست کا کہنا تھا کہ احمد شاہ کے سر اور پیر پر تشدد کے نشانات واضح تھے۔

دریں اثناء مبینہ ٹاؤن تھانے کے ایس ایچ او ہاشم بلو نے ڈان کو بتایا کہ طالب علم کی لاش کو ہفتے کی صبح بر آمد کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ایک مخنث قتل، 2 کا ’ریپ‘

انہوں نے ڈاکٹرز کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ نوجوان طالب علم کو کسی سخت آلے سے وار کرکے ہلاک کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقتول کے چچا نے اتوار کے روز پولیس سے لاش کے لیے رجوع کیا تاہم کیس اب تک درج نہیں کیا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں