پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے مستقل دو ناکامیوں کے باوجود بہترین کارکردگی دکھا کر ایونٹ میں واپسی کا عزم ظاہر کیا ہے۔

پی ایس ایل کے گزشتہ دونوں ایونٹس کی رنر اپ ٹیم رواں ایڈیشن میں مشکلات سے دوچار ہے اور اس وقت اپنے پانچ میں سے تین میچ ہار کر پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

تاہم قومی ٹیم اور گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد ہمت ہارنے کو تیار نہیں اور وہ ٹورنامنٹ میں اب بھی بہترین کارکردگی کے ذریعے واپسی کیلئے پرعزم ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اصل ٹورنامنٹ تو اب شروع ہوا ہے، ابھی کافی میچز کھیلنا باقی ہیں اور ہمارے پاس اتنے باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جن کے بل بوتے پر ہم ایونٹ میں واپسی کر سکیں۔

اس موقع پر انہوں نے ٹیم میں موجود غیرملکی کھلاڑیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈریسنگ روم میں موجود کیون پیٹرسن اور شین واٹسن جیسے سینئر کھلاڑی نوجوانوں کی بہت حوصلہ افزائی کر رہے ہیں اور ان کے پاس ان سے سیکھنے کا بہترین موقع ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں