لاہور میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پلے آف میچز کے ٹکٹس فروخت نہ ہونے والے 3 ہزار 5 سو ٹکٹس پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو واپس کردیے گئے۔

ٹکٹس فروخت کرنے والے ذرائع نے ڈان نیوز کو بتایا کہ 1 ہزار اور 2 ہزار والے تمام ٹکٹس 3 دن میں بیچ دیے گئے تھے لیکن 4 ہزار اور 6 ہزار والے 3 ہزار 5 سو ٹکٹس 20 دن کی مقررہ وقت گزر جانے کے باوجود فروخت نہیں ہوسکے ہیں۔

ٹکٹس کے فروخت کی ذمہ دار نجی کوریئر کمپنی نے باقی رہ جانے والے تمام ٹکٹس پی سی بی کو واپس کردیے۔

خیال رہے کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم جہاں پلے آپی ایس ایل کے پلے آف میچز 20 اور 21 مارچ کو منعقد ہونے ہیں، میں 27 ہزار شائقین کرکٹ کو اکھٹا کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

پی ایس ایل کا فائنل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 25 مارچ کو منعقد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے جبکہ آئندہ آنے والے پلے آف میچز میں دوسرے فائنلسٹ کا فیصلہ کیا جائے گا۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا تھا کہ پلے آف اور فائنل میچ کے لیے تقریباً پانچ بین الاقوامی تبصرہ نگار ایلن ویلکنز، رمیز راجہ، بزید خان، دارین گنگا اور مائیکل سلیٹر نے پاکستان آنے پر رضامندی کا اظہار کردیا ہے۔

تاہم ڈیمیئن فلیمنگ اور ڈینی موریسن نے ذاتی وجوہات کی وجہ سے سیمی فائنل اور فائنل میچز میں اپنی تبصرہ نگاری کی خدمات انجام دینے سے انکار کردیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں