سرینگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 4 کشمیری نوجوان جاں بحق ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فورسز نے نوجوانوں کو ضلع کپواڑہ کے علاقے ہَلمتپورہ میں محاصرہ کرکے سرچ آپریشن کے دوران ہلاک کیا۔

سرینگر میں بھارتی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ چاروں نوجوان مجاہدین تھے جو آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوئے۔

یاد رہے کہ 1947 میں برطانوی راج سے برصغیر کی آزادی کے بعد سے کشمیر، پاکستان اور بھارت کے درمیان تقسیم ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اور اب تک ہزاروں افراد کو شہید اور ہزاروں کی ہی تعداد میں کشمیری زخمی ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر:بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مزید 8 افراد ہلاک

بھارتی فوجی کی خودکشی

دوسری جانب مقبوضہ وادی کے ضلع کُلگام میں بھارتی فوج کے ایک اور اہلکار نے خودکشی کر لی جس کے بعد رواں ماہ خودکشی کرنے والے فوجی اہلکاروں کی تعداد 4 ہوگئی۔

ٹین سکھ ریجمنٹ کے کُلویندر سنگھ نے مغل گُند قاضی گند کے علاقے میں ڈیوٹی کے دوران اپنے سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

بھارتی فوج کے حکام کا کہنا تھا کہ فائرنگ کی آواز سن کر دیگر اہلکار کلویندر کی جانب بڑھے جہاں انہوں نے اسے خون میں لت پت پایا۔

اس واقعے کے بعد جنوری 2007 سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کے خودکشی کرنے کے واقعات کی تعداد 398 ہوگئی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں