پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا جس میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا گیا۔

پی ایس ایل میں اچھی کار کردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم میں شامل ہونے والے حسین طلعت اور آصف علی اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ تھے جہاں انھوں نے اپنی کارکردگی سے سلیکٹرز کو متاثر کیا۔

فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی نے لاہور قلندرز کی نمائندگی کرتے ہوئے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا تھا جس کے بعد وہ قومی ٹیم میں آگئے۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل کی ٹیم پشاور زلمی کی جانب ٹورنامنٹ میں بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرنے والے کامران اکمل کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے جنھوں نے ٹورنامنٹ کی واحد سنچری بنائی تھی اور پی ایس ایل کے بہترین بلے باز کا ایوارڈ بھی حاصل کرلیا تھا۔

نیشنل اسٹیڈیم میں یکم اپریل 2018 سے شروع سے ہونے والی سیریز کے لیے سرفراز احمد کی قیادت میں 15 رکنی ٹیم میں حارث سہیل اور عماد وسیم کو انجری کے باعث شامل نہیں کیا گیا ہے جبکہ عامر یامین ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے۔

قومی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں۔

سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، احمد شہزاد، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، فہیم اشرف، محمد نواز، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی، راحت علی، عثمان شنواری، شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

دوسری جانب سے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی سیریز کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت بھی شروع ہو گئی ہے۔

پاکستان ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ٹکٹ نجی کورئیر کمپنی کی ویب سائٹ پر پی ایس ایل فائنل سے آدھی قیمت پر دستیاب ہیں جبکہ ایکسپریس سینٹرز پر بھی دو روز میں دستیاب ہوں گے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا پہلا میچ یکم اپریل، دوسرا میچ 2 اپریل اور تیسرا میچ 3 اپریل کو کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں