جب ڈیوین جانسن نے خود کو مارنے کا سوچا

اپ ڈیٹ 07 اپريل 2018
—فوٹو: اے بی سی نیوز
—فوٹو: اے بی سی نیوز

ہولی وڈ کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں میں شمار ہونے والے ایکشن ہیرو ڈیون جانسن نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی زندگی میں ایک ایسا وقت بھی آیا، جب انہوں نے خود کو مارنے کا سوچا۔

جمانجی ایکٹر کے مطابق دیگر افراد کی طرح وہ بھی ماضی میں ڈپریشن کا شکار رہ چکے ہیں، انہوں نے انتہائی کم عمری میں ذہنی تناؤ اور کشیدگی کا سامنا کیا۔

ریسلنگ سے اداکاری میں قدم رکھنے والے ڈیوین جانسن نے معروف برطانوی اخبار ’دی ایکسپریس‘ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں انکشاف کیا کہ محض 15 سال کی عمر میں وہ اپنی والدہ کی خودکشی کی کوشش کرتے ہوئے دیکھ چکے ہیں۔

ڈیوین جانسن اپنی والدہ کے ساتھ—فوٹو: برطانوی اخبار ایکسپریس
ڈیوین جانسن اپنی والدہ کے ساتھ—فوٹو: برطانوی اخبار ایکسپریس

فلموں میں بہادری اور ایکشن کے کردار نبھانے والے اداکار کے مطابق ان کی والدہ نے ان کے سامنے معروف شاہراہ پر تیز رفتاری سے چلتی گاڑیوں کے سامنے آکر خود کو مارنے کی کوشش کی، تاہم انہوں نے انہیں بازو سے پکڑ کر بچالیا۔

ڈیوین جانسن نے یہ نہیں بتایا کہ ان کی والدہ نے خودکشی کی کوشش کیوں کی۔

گزشتہ برس بولی وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا کے ساتھ ایکشن تھرلر فلم ’بے واچ‘ میں ایکشن دکھانے والے اداکار کے مطابق بچپن میں وہ فٹ بالر بننا چاہتے تھے، تاہم زخمی ہونے کے باعث ان کا یہ خواب بھی پورا نہیں ہوسکا۔

فلموں میں ہیروئنز کے ساتھ فلرٹ کرنے والے 45 سالہ اداکار کے مطابق کم عمری میں انہیں اپنی دوست لڑکی بھی چھوڑ گئی تھی، جس کے بعد ان کی زندگی پر ایک ایسا وقت آیا، جب وہ ہر وقت روتے رہتے تھے، ان ہی دنوں میں انہوں نے سوچا کہ وہ خود کو مار دیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے دوسروں کی مدد کرکے اپنی تکلیف اور ڈپریشن پر قابو پایا۔ ان کے مطابق جب وہ دوسروں کو تکلیف اور درد میں دیکھتے تو وہ ان کی مدد کرنے سمیت انہیں تسلی دیتے، ساتھ ہی وہ خود کو بھی تسلی دیتے۔

ڈیوین جانسن اپنی پہلی بیوی کے ساتھ—فوٹو: ڈیڈ لائن
ڈیوین جانسن اپنی پہلی بیوی کے ساتھ—فوٹو: ڈیڈ لائن

ڈیوین جانسن کے مطابق گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ انہوں نے اور ان کی والدہ نے ڈپریشن پر قابو پایا۔

ایکشن ہیرو اداکار نے یہ نہیں بتایا کہ ان کی گرل فرینڈ انہیں کیوں چھوڑ کر گئی تھیں اور فٹ بالر نہ پانے کے بعد ریسلر کیسے بنے؟

واضح رہے کہ ڈیوین جانسن نے کیریئر کی ابتداء ایک ریسلر کے طور پر کی اور وہ 2000 تک ریسلنگ لڑتے رہے۔

گزشتہ 18 برس میں انہوں نے 40 کے لگ بھگ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، جب کہ اب وہ فلموں کو پروڈیوس بھی کرنے لگے ہیں۔

ڈیوین جانسن نہ صرف بڑے پردے بلکہ متعدد ٹی وی سیریلز میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

ڈیوین جانسن کو ’دی راک‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ان کا یہ نام ریسلنگ کی وجہ سے ان پر رکھا گیا۔

ڈیوین جانسن اپنی دوسری پارٹنر اور بچی کے ساتھ—فوٹو: ایکسٹرا ٹی وی
ڈیوین جانسن اپنی دوسری پارٹنر اور بچی کے ساتھ—فوٹو: ایکسٹرا ٹی وی

انہوں نے ریسلنگ میں 8 ورلڈ ہیوی ویٹ چیمیئن شپ، 2 بار ریسلنگ ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن شپ، 2 بار انٹرکانٹینینٹل ریسلنگ چیمپیئن شپ اور 5 بار ورلڈ ٹیگ ٹیم ریسلنگ چیمپیئن شپ کے اعزازات اپنے نام کیے۔

ڈیوین جانسن کی زندگی پر 2000 میں ’دی راک سیز‘ کے نام سے شائع ہوئی، جو نیویارک ٹائمز کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتابوں کی فہرست میں بھی شامل ہوئی۔

ڈیوین جانسن نے 1997 میں ڈینی گارشیا سے شادی کی، جن سے انہیں ایک بیٹی ہوئی، انہوں نے اپنی بیوی سے 2007 میں علیحدگی اختیار کرلی۔

بعد ازاں ڈیوین جانسن نے لارین ہاشین سے تعلقات استوار کرلیے،جن سے انہیں 2015 میں ایک بیٹی ہوئی، جوڑے نے گزشتہ برس دسمبر میں اعلان کیا کہ ان کے ہاں جلد دوسرے بچے کی پیدائش ہونے والی ہے۔

—فوٹو: برطانوی اخبار ایکسپریس
—فوٹو: برطانوی اخبار ایکسپریس

تبصرے (0) بند ہیں