لاڑکانہ: پاکستان پیپز پارٹی (پی پی پی) کے بانی اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 39 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔

اس سلسلے میں ان کے آبائی علاقے گڑھی خدا بخش میں ایک تقریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا، جہاں پی پی پی کی مرکزی قیادت خطاب کرے گی۔

ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب کے سلسلے میں گڑھی خدا بخش میں سخت سیکیورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی اور 8 ہزار 500 سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مرکزی تقریب کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مرکزی قیادت شرکاء سے خطاب کریں گے۔

ادھر ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کے لیے جیالوں کے قافلے ملک کے مختلف حصوں سے گڑھی خدا بخش پہنچ رہے ہیں اور ان کے استقبال کے لیے لاڑکانہ کے مختلف علاقوں میں استقبالیہ کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔

دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ آج کے دن کی مناسبت سے 6ہزار 900 پولیس اہلکاروں سمیت 600 کمانڈوز، 300 خواتین پولیس اور 700 ٹریفک پولیس کے اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

اس کے علاوہ رینجرز کے 200 اہلکار بھی مختلف مقامات پر تعینات ہوں گے جبکہ مزار کی کمیٹی آج کے جلسے کی فضائی نگرانی بھی کرے گی جبکہ 200 کلوز سرکٹ ٹیلی ویژن کیمروں کو بھی نصب کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کی سربراہی میں ڈی آئی جی آفس میں ایک اجلاس بھی ہوا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس آفتاب پٹھان، ڈی آئی جی لاڑکانہ عبداللہ شیخ، ڈی آئی جی ٹریفک، 19 ایس ایس پی، اے ایس پیز اور ڈی ایز پیز اجلاس میں شریک ہوئے اور انہیں سیکیورٹی کی مکمل یقین دہانے کے بارے میں احکامات دیئے گئے۔

اس بارے میں وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ فی الحال سیکیورٹی کا کوئی خطرہ نہیں ہے لیکن کوئٹہ واقعے کو دیکھتے ہوئے سخت سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں