کراچی: جماعت اسلامی (جے آئی) کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کرپٹ سیاستدانوں کی وجہ سے ملک کے مالیاتی اداروں، پاکستان اسٹیل ملز (پی ایس ایم)، قومی ایئر لائن (پی آئی اے)، پاکستان ریلویز سمیت واپڈا کو کھربوں روپے مالی خسارے کا سامنا ہے جبکہ روشن مستقبل کے لیے نوجوان قیادت کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔

جماعت اسلامی کے مرکزی شعبہ اطلاعات کے دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہمیں دشمن سے اتنا خطرہ نہیں ہے جتنا آستین میں چھپے سانپوں سے ہے جن کی وجہ سے مزدور تنخواہوں سے محروم اور لوگ مالی مجبوریوں کے ہاتھوں خود کشی کرنے لگے ہیں‘۔

یہ پڑھیں: اسلامی فوجی اتحادکے ایجنڈے میں القدس سرفہرست ہوناچاہیے، سراج الحق

سراج الحق نے کراچی یوتھ الیکشن کے سلسلے میں مختلف پولنگ اسٹیشن کا دورہ کرنے کے بعد کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’سندھ کی صوبائی حکومت کراچی سمیت دیگر اضلاع میں شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، کراچی میں پینے کا صاف پانی ناپید اور صفائی کا کوئی معقول انتظام نہیں‘۔

انہوں نے واضح کیا کہ کراچی کی گلی کوچے اور مرکزی شاہرائیں کچرا کنڈی کا منظر پیش کررہی ہیں لیکن صوبائی حکومت کے کرپٹ افسران شہر کی صفائی کے لیے سنجیدہ نہیں جبکہ شناختی کارڈ کے حصول کے لیے شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے‘۔

امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں نوجوانوں پر مبنی قیادت کو عوامی خدمت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ’6 مئی کو کراچی سے منتخب نوجوان قیادت کو سامنے لائیں گے جو کراچی کی کھوئی ہوئی پہچان واپس لانے کے لیے کلیدی کردار ادا کریں گے اور انہیں آگے بڑھنے کے لیے روڈ میپ فراہم کیا جائے گا‘۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ اپوزیشن لیڈر: جماعت اسلامی کا پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ’سندھ حکومت کی ترجیحات میں نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا اور کھیل کے میدانوں کو بحال کرنا نہیں، اس لیے ہماری کوشش ہے کہ ہر نوجوان برسر روزگار ہو جبکہ کھیل کے میدان دوبارہ آباد ہوں‘۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن، نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، سکریٹری کراچی عبدالوہاب، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، کے الیکٹرک کمپلنٹ سیل کے چیئرمین عمران شاہد، چودھری مظہر، مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹر سرفراز احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں