ون پلس 6 کی تصاویر آمیزون نے لیک کردیں

14 مئ 2018
مبینہ ون پلس 6 — اسکرین شاٹ
مبینہ ون پلس 6 — اسکرین شاٹ

رواں ہفتے ون پلس کی جانب سے نیا فلیگ شپ فون متعارف کرایا جارہا ہے اور اس کی تصاویر دنیا کی مقبول ای کامرس سائٹ آمیزون کی جرمن ویب سائٹ پر 3 دن پہلے ہی جاری کردی گئیں۔

جی ہاں ون پلس 6 کو 16 مئی کو پیش کیا جائے گا مگر آمیزون کی سائٹ پر اس کی تصاویر اور فیچرز سب کچھ پہلے ہی دے دیا گیا۔

میڈیا کی نظر میں آنے کے بعد اسے سائٹ سے ہٹا تو دیا گیا مگر اس سے پہلے ہی تصاویر اور فیچرز کو لوگوں نے انٹرنیٹ پر جاری کردیا۔

مزید پڑھیں : ون پلس کا یہ نیا فلیگ شپ فون پسند کریں گے؟

آمیزون پر سامنے آنے والے فیچرز کے مطابق یہ فون کوالکوم اسنیپ ڈراگون 845 پراسیسر، سکس جی بی ریم اور 3300 ایم اے ایچ بیٹری سے لیس ہوگا۔

اس فون میں 6.28 انچ امولیڈ اسکرین 2280x1080 پکسل ریزولوشن کے ساتھ ہے جبکہ اس کے اوپر آئی فون ایکس (10) جیسا نوچ ہے۔

اس فون میں 64 یا 128 جی بی اسٹوریج ہوگی جبکہ مستقبل قریب میں 256 جی بی کا ماڈل بھی دستیاب ہوگا۔

اسی طرح فنگر پرنٹ اسکینر، ہیڈ فون جیک کے ساتھ اس کے بیک پر 20 اور 16 میگاپکسل کیمرے دیئے گئے ہیں۔

اس کا 64 جی بی اسٹوریج والا ورژن 622 ڈالرز جبکہ 128 جی بی اسٹوریج والا فون 718 ڈالرز میں دستیاب ہوگا۔

خیال رہے کہ ون پلس 2013 سے اسمارٹ فونز تیار کررہی ہے اور اس کی ڈیوائسز فیچرز کے لحاظ سے آئی فون کی ٹکر کی سمجھی جاتی ہیں مگر قیمت کے لحاظ سے یہ کافی سستے فونز تیار کرتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں