فیڈرر ایک مرتبہ پھر عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار بن گئے

اپ ڈیٹ 18 مئ 2018
راجر فیڈرر رواں سال 24مارچ سے کوئی میچ نہ کھیلنے کے باوجود عالمی نمبر ایک بن گئے— فائل فوٹو: اے ایف پی
راجر فیڈرر رواں سال 24مارچ سے کوئی میچ نہ کھیلنے کے باوجود عالمی نمبر ایک بن گئے— فائل فوٹو: اے ایف پی

پیرس: انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی تازہ ترین اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے رینکنگ میں راجر فیڈرر نے اپنے حریف رافیل نڈال کو پہلی پوزیشن سے محروم کر کے ایک مرتبہ پھر عالمی نمبر ایک بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے جبکہ خواتین میں کیرولین ووزنیاکی بھی پہلی پوزیشن پر براجمان ہو گئیں۔

آئی ٹی ایف نے میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے بعد تازہ ترین اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے رینکنگ جاری کر دی جس کے تحت مینز میں سوئس اسٹار راجر فیڈرر نے ایک درجہ ترقی پا کر نڈال سے ٹاپ پوزیشن چھین لی۔

فیڈرر نے 24 مارچ سے کوئی میچ نہیں کھیلا لیکن میڈرڈ اوپن کے کوارٹر فائنل میں رافیل نڈال کی شکست کی بدولت وہ عالمی نمبر ایک بن گئے۔

نئی رینکنگ میں نڈال تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ جرمن کھلاڑی اور میڈرڈ اوپن کے چیمپیئن الیگزینڈر زیوریف تیسرے، گریگور دمتروف چوتھے، مارلن سیلس پانچویں اور جان مارٹن ڈیل پوٹرو چھٹے نمبر پر برقرار ہیں۔

کیون اینڈرسن ایک سیڑھی چڑھ کر ساتویں نمبر پر آ گئے جبکہ سیم کیوری، باٹسٹا ایگٹ، جیک ساک اور ڈائیگو ایک، ایک اور لیوکاس پاؤلی دو درجے ترقی کے ساتھ بالترتیب 12ویں، 13ویں، 14ویں، 15 اور 16ویں نمبر پر آ گئے۔

سابق عالمی نمبر ایک سربیا کے نوواک جوکووچ 6 درجے تنزلی کے بعد 18ویں نمبر پر چلے گئے جو ان کی 2006 کے بعد سے سب سے بدترین رینکنگ ہے جبکہ کائل ایڈمونڈ تین سیڑھیاں چڑھ کر 19ویں اور ہیون چنگ ایک درجہ ترقی پا کر 20ویں نمبر پر آ گئے۔

دوسری جانب ویمنز رینکنگ میں ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی نے سیمونا ہیلپ کو ٹاپ پوزیشن سے محروم کر دیا، دیگر کھلاڑیوں میں گربین مگوروزا تیسرے نمبر پر برقرار ہیں جبکہ کیرولینا پلسکووا، جلینا اوسٹا پینکو اور کیرولین گارشیا کی ایک، ایک درجے ترقی ہوئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں